جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو بڑا ریلیف، کیس کی مزید سماعت 29 اپریل تک ملتوی

30 مارچ, 2023 09:17

اسلام آباد : سیشن کورٹ نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں ہوئی۔

عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی۔ وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ آج بھی اسلام آباد بار کی ہڑتال ہے، تین روز سے ہڑتال چل رہی ہے۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ وکلاء کی ہڑتال میں عمران خان تو شامل نہیں ہیں۔ اگر وکیلِ ملزم ہڑتال پر ہوتے تو عمران خان کو کمرہ عدالت میں موجود ہونا چاہیے تھا۔ ٹرائل کی اسٹیج پر ملزم کی کمرہ عدالت میں حاضری لازم ہوتی ہے۔

وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے۔ حکومت نے ان سے سیکیورٹی واپس لے لی ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد نے سیکیورٹی واپس لینے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان سیشن عدالت میں موجود نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان سے بات چیت کا مشورہ، موجودہ بحران کا ذمہ دار کون ہے؟ بلاول بھٹو زرداری

خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے بھی عدالت پیش ہوسکتے ہیں۔ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے، دیگر عدالتی کارروائی جاری رکھیں گے۔

جج نے ریمارکس دیئے کہ مشترکہ مشاورت سے عدالتی سماعت کے حوالے سے بتا دیں۔ وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ رمضان کے بعد توشہ خانہ کی سماعت رکھ لیں، کیا جلدی ہے؟ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کو معمول کے مطابق ڈیل کیا جائے۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا کرمنل کیسز کو جلد نمٹایا جائے۔ وکیل سعد حسن نے کہا کہ ابھی تک توشہ خانہ کیس میں فرد جرم ہی عائد نہیں ہو پایا۔

عمران خان کے وکلاء کی جانب سے کیس قابل سماعت ہونے کی درخواست دائر کردی گئی۔ آئندہ سماعت پر توشہ خانہ کیس کے قابلِ سماعت ہونے پر دلائل ہوں گے۔

عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top