جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اگر میرے پاس نمبر نہ ہوتے تو عدالت میں پیش نہیں ہوتا: حمزہ شہباز

01 جولائی, 2022 18:40

لاہور: حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ اگر میرے پاس نمبر نہ ہوتے تو میں عدالت میں پیش نہیں ہوتا، عدالت سے کہا ابھی الیکشن کرائیں جو بھی فیصلہ آئے گا قبول کروں گا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے بعد وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امید ہے پنجاب کے عوام (ن) لیگ کو ووٹ دیں گے، عوام جس کو ووٹ دیں گے وہی کامیاب ہوگا، سپریم کورٹ کے فیصلے سے بحرانی کیفیت کا خاتمہ ہوگا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کے لیے فیصلہ بہت بہتر ثابت ہوگا، پنجاب کئی ماہ تک آئینی بحران کا شکار رہا، کابینہ نہ ہونے کے باوجود ہم نے گندم بحران کو ختم کیا، ہم نے 10 کلو آٹے کا تھیلا 160 روپے سستا کیا، پنجاب کے تمام اضلاع میں کینسر سمیت دیگر ادویات مفت دی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب برقرار، نیا انتخاب 22 جولائی کو ہوگا: سپریم کورٹ

ان کا کہنا تھا کہ میں نے نہیں کہا کہ 3 ماہ میں دودھ کی نہریں بہا دوں گا، میں نے عمران نیازی کی طرح دعوے نہیں کیے، صوبے کے عوام کی خاطر آسانیاں پیدا کرنے کیلئے دن رات ایک کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 22 جولائی کو ہونے والے انتخاب میں جو بھی نتیجہ آئے گا قبول کریں گے، میں جمہوری انسان ہوں 27 سال تک جدوجہد کی، اگر میرے پاس نمبر نہ ہوتے تو میں عدالت میں پیش نہیں ہوتا، عدالت سے کہا ابھی الیکشن کرائیں جو بھی فیصلہ آئے گا قبول کروں گا، عدالتی فیصلہ قابل قبول ہے، جب تک وزیراعلیٰ پنجاب ہوں عوام کی خدمت کروں گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو پنجاب کے عوام نواز شریف اور شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کریں گے، ملک دیوالیہ ہو جاتا تو دنیا میں مذاق بنتا، 2018 میں ہماری حکومت ختم ہوئی تو لوڈشیڈنگ زیرو تھی، آج بھی عوام کا ہم پر اعتماد ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top