جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

غزہ پر اسرائیل کےبے رحمانہ حملوں کو 90 دن مکمل، 22 ہزار سے زائد فلسطینی شہید

06 جنوری, 2024 10:36

 

غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کو 90 دن مکمل ہوگئے ،اسرائیل کے بے رحمانہ حملوں میں 22 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور لاکھوں بے گھر ہوگئے ہیں ۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق 7اکتوبر سے غزہ میں اسپتالوں اور دیگر اہم طبی ڈھانچے پر تقریباً600حملے ہوئے ہیں،اسرائیلی حملوں سے صحت کی دیکھ بھال کی 94 سائٹس متاثرہوئیں ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق اسرائیلی حملوں میں غزہ کے کل36میں سے26 اسپتالوں کو نقصان پہنچاجبکہ طبی سہولیات کے اندر613 افراد شہید اور770 سے زائد زخمی ہوئےہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے ترجمان کرسچن لنڈمیئر نے مسلسل بمباری کی مذمت کی اور کہا کہ طبی سہولیات پر حملے غزہ کے شہریوں کو ناسور کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 22 ہزار 438 شہداء کی لاشیں اسپتالوں میں لائی گئیں جس میں 9ہزار 730 بچے اور 6ہزار 830 خواتین شامل ہیں،شہدا میں 326 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے 326،سول ڈیفنس کے 42 ارکان اور 106 صحافی شامل ہیں۔

 

 

حماس میڈیا کے مطابق غزہ میں7 ہزار فلسطینی لاپتا ہیں جن میں 70 فیصد بچے اور خواتین ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں 57 ہزار 614 افراد زخمی ہوئے، 6 ہزار شدید زخمیوں کو علاج کے لیے فوری سفر کرنے کی ضرورت ہے، صرف 645 زخمی علاج کے لیے غزہ سے باہر لے جائے گئے جبکہ کینسر کے 10 ہزار مریضوں کو موت کے خطرے کا سامنا ہے۔

حماس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 19 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے، 3لاکھ 55 ہزار افراد نقل مکانی کے نتیجے میں متعدی بیماریوں سے متاثر ہوئے جبکہ اسرائیلی فوج نے 130 سرکاری عمارتیں، 93 یونیورسٹیاں اور اسکول تباہ کیے، 292 اسکول اور یونیورسٹیاں جزوی طور پر تباہ ہو گئیں۔

اس کے علاوہ 122 مساجد کو مکمل شہید کیا گیا،218 کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ تین گرجا گھروں کو بھی اسرائیلی فوج نے تباہ کر دیا۔ 65 ہزار ہاؤسنگ یونٹ مکمل،2 لاکھ 90 ہزار گھر جزوی تباہ ہوئے۔

حماس کے مطابق اسرائیلی فوج نے 90 دن میں 65 ہزار ٹن بارود غزہ پر برسایا۔

اسرائیلی فوج نے 30اسپتالوں کومکمل غیرفعال کردیا، غزہ میں 53 صحت مراکز مکمل تباہ ہوئے جبکہ 1 سو 50 مراکز کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، قابض فوج نے 121 ایمبولینسیں تباہ کر دیں اور 2 سوآثار قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے مقامات اسرائیلی حملے میں تباہ ہوئے۔

 یہ پڑھیں : اسرائیلی حملے کے ساتھ غزہ کے شہریوں کونئی جنگ کا سامنا

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top