جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

یوم دفاع : 1965ء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن

06 ستمبر, 2018 17:57

قوم آج یوم دفاع پاکستان ملی جوش وجذبے سے منارہی ہے  آج 1965ء کی جنگ کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

یوم دفاع کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

لاہور میں مزار اقبال پر گیریژن کمانڈر میجر جنرل عامر نے حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے اس موقع پرسلامی بھی دی، گیریژن کمانڈر میجر جنرل عامر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

یوم دفاع کے سلسلے میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، ایئروائس مارشل ندیم صابر نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اصغر خان اکیڈمی کے 73 کیڈٹس نے پاک بحریہ کے دستوں کو تبدیل کیا جن میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔

یوم دفاع کی مرکزی تقریب آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد کی جائے گی جس میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ قوم اپنے شہدا کو خصوصی خراج عقیدت پیش کرے گی اور ان کی قربانیاں اجاگر کی جائیں گی۔

تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، وزرا، سینیٹرز، ارکان قومی اسمبلی، سفارت کار، فوجی اور سول حکام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے یوم دفاع وشہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے یوم دفاع وشہدائے پاکستان کے حوالے سے خصوصی پرومو جاری کیا ہے۔ پرومو میں آرمی چیف شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدری اور یکجہتی کررہے ہیں۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top