جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

قانون کی بالادستی کا عمل اپنی ذات سے شروع کررہا ہوں ، بابر اعوان عہدے سے مستعفی

04 ستمبر, 2018 20:36

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ریفرنس دائر کیے جانے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورمشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کے خلاف نندی پور پاور پروجیکٹ میں تاخیر پر بطور سابق وزیر قانون و انصاف کرپشن کا ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔

نیب کے مطابق سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو بھی بطور سابق وزیر پانی بجلی بابر اعوان کے ساتھ ریفرنس میں نامزد کیا گیا ہے۔ نیب راولپنڈی کی افسر عاصمہ چوہدری نے احتساب عدالت اسلام آباد میں یہ ریفرنس دائر کیا ہے۔

نیب میں ریفرنس دائر ہونے کے بعد بابر اعوان نے وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ریفرنس میں تاخیر کا الزام ہے لیکن قانون دان کی حیثیت سے عہدے پر چمٹے رہنا مناسب نہیں سمجھتا اور قانون کی بالادستی کا عمل اپنی ذات سے شروع کررہا ہوں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعوان نے استعفیٰ وزیر اعظم عمران  خان کے کہنے پر دیا جس کے لیے انہیں وزیر اعظم ہاؤس طلب کیا گیا تھا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top