مقبول خبریں
یہ بالکل درست فیصلہ ہوا ہے، سابق وزیر اعظم کو 10 سال کیلئے جیل بھیج دیا گیا
اداکارہ عروہ حسین اور ان کی چھوٹی بہن ماورہ حسین نے نواز شریف کو ملنے والی سزا پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم اسی صورت میں آگے بڑھ سکتے ہیں جب ہم کرپٹ لوگوں کو سزا دیں گے۔
ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آنے کے بعد اداکارہ عروہ حسین نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستانیوں کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسی صورت میں آگے بڑھ سکتے ہیں جب ہم کرپٹ لوگوں کا احتساب کریں اور انہیں سزائیں دیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں نیا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے ہیش ٹیگز بھی استعمال کیے۔
عروہ کی چھوٹی بہن اداکارہ ماورہ حسین نے بھی ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو ملنے والی سزا پر خوشی کا اظہار کیا ۔انہوں نے اپنے پیغام میں نواز شریف کو ملنے والی سزا کو پاکستان کے عظیم دنوں کے آغاز سے تعبیر کیا اور اسے نئے پاکستان کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب ان کی بدولت ممکن ہوا ہے۔ ماورہ حسین نے ’ اب صرف عمران خان ‘ کا ہیش ٹیگ لگایا اور کہا کہ یہ بالکل درست فیصلہ ہوا ہے، سابق وزیر اعظم کو 10 سال کیلئے جیل بھیج دیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی دونوں اداکار بہنیں اعلانیہ تحریک انصاف کی حمایت کرتی رہی ہیں۔ 2014 میں عمران خان نے جب دھاندلی کے خلاف دھرنا دیا تو یہ دونوں بہنیں کراچی میں ہونے والے دھرنوں میں باقاعدگی کے ساتھ شرکت کرتی تھیں۔