ہفتہ، 27-جولائی،2024
( 21 محرم 1446 )
ہفتہ، 27-جولائی،2024

EN

کشمیر: برہان وانی کی دوسری برسی کے موقعے پر ہڑتال

07 جولائی, 2018 15:25

انڈیا کے زیر انتظام جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فوج نے جب ریڈونی علاقہ کا محاصرہ کیا تو باشندوں نے مظاہرے کیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے فوج کے ایک گشتی دستے پر پتھر پھینکےاور مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے فوج نے گولی چلائی

عینی شاہدین کے مطابق فوج نے ہجوم پر فائرنگ کی جس میں 16 سالہ لڑکی عندلیب اور دو نوجوان شاکر اور ارشاد مارے گئے جبکہ مزید چھ مظاہرین کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس واقعے کے فوراً بعد کولگام اور دیگر علاقوں میں فوج مخالف مظاہرے ہوئے۔ مظاہروں کو محدود کرنے کے لیے کئی علاقوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور جنوبی کشمیر کے کولگام اور دیگر اضلاع میں انٹرنیٹ کو معطل کردیا گیا ہے۔
آٹھ جولائی کو کشمیر کے مسلح کمانڈر برہان وانی کی دوسری برسی کے موقعے پر علیحدگی پسندوں نے ہڑتال اور مظاہروں کی اپیل کی ہے، تاہم حکام نے پوری وادی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔
سینیئر حریت رہنما سید علی گیلانی اور میرواعظ عمرفاروق کو گھروں میں نظربند جبکہ یاسین ملک کو تھانے میں قید کردیا ہے۔ تینوں رہنماؤں پر مشتمل ‘مشترکہ مزاحمتی قیادت’ نے برہان کی برسی پر مکمل ہڑتال اور مظاہروں کی اپیل کی تھی۔
برہان وانی کو کشمیر کی نئی مسلح تحریک کا ‘پوسٹر بوائے’ کہا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برہان نے سوشل میڈیا کا استعمال کرکے مقامی نوجوانوں کو مسلح تشدد کی طرف مائل کیا۔
برہان کا تعلق پلوامہ ضلع کے ترال قصبے سے تھا۔ ترال میں ان کی برسی پر عوامی اجتماعات کو روکنے کے لیے قصبے کی ناکہ بندی کی گئی ہے۔ برہان ایک آسودہ حال خاندان سے تھے اور ان کے والد سکول ہیڈماسٹر ہیں۔
کئی سال قبل برہان کا چھوٹا بھائی خالد بھی فوج کی فائرنگ میں مارا گیا تھا۔ فوج کا کہنا ہے وہ جنگل میں برہان اور اس کے ساتھیوں کے لیے کھانا لے جاتے ہوئے اُس وقت مارا گیا جب عسکریت پسندوں نے فائرنگ کی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top