مقبول خبریں
میری شناخت ڈراموں سے ہے اور ڈرامہ کسی بھی صورت نہیں چھوڑ سکتی
اداکارہ وماڈل نیلم منیر کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں اچھے موضوع اورجاندارکرداروالی فلم میں کام کی پیشکش ہوئی توضرورکام کروں گی۔
نیلم منیر نے کہا کہ جب میں نے اپنے کیرئیر کی پہلی فلم سائن کی تواس کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکار احسن خان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ شروع شروع میں ہمیں کچھ دشواری ہوئی لیکن پھراحسن خان جومیرے سینئرہیں اورتجربہ کاربھی، انھوں نے میری بہت رہنمائی کی۔ اسی لیے فلم میں میری پرفارمنس کوبہت سراہا گیا۔ جن لوگوں نے فلم کودیکھا ، ان کی طرف سے ملنے والا رسپانس میرے لیے اعزاز سے کم نہیں ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس پڑھے لکھے فلم میکرز کی بڑی تعداد موجود ہے۔ یہ تمام لوگ بڑی محنت اورلگن کے ساتھ فلمیں پروڈیوس کرنے میں لگے ہیں۔ ایسے میں اگریہ لوگ صرف اچھے اور منفرد موضوعات پرفلمیں بنائیں توہمارے سینما گھروں کی ویرانیاں کم ہوسکتی ہیں۔ میں سمجھتی ہوں کہ فلم بینوں کو صرف اچھی فلم سے غرض ہوتی ہے۔ پھرچاہے اس میں کوئی نیا فنکارکام کرے یا کوئی سپراسٹار۔ ویسے بھی آج جوسپراسٹارہیں ، وہ بھی توکبھی نئے فنکارکے طورپرکام کرتے رہے ہیں۔ اس لیے فلم میکرز کو اچھی فلم بنانے کوترجیح دینا چاہیے۔
نیلم منیر نے کہا کہ میری شناخت ڈراموں سے ہے اور ڈرامہ کسی بھی صورت نہیں چھوڑ سکتی ۔ جہاں تک بات فلموں میں کام کرنے کی ہے توابھی کسی بھی ایک شعبے کومنتخب کرنا قبل از وقت ہوگا۔ مجھے توبطوراداکارہ بس اچھا کام کرنا ہے ، پھرچاہے وہ ٹی وی پرہویا فلم پر۔