جمعہ، 4-اکتوبر،2024
جمعہ 1446/04/01هـ (04-10-2024م)

مقبول خبریں

عید الفطر پر مقامی سینماؤں میں پاکستانی فلموں کاراج ہوگا

13 جون, 2018 13:43

راچی: پاکستان میں فلموں کی نمائش کے لیے عید سے بڑھ کر اور کوئی موقع نہیں ہوتالہٰذا ہر فلم ساز چاہتا ہے کہ اس کی فلم عید کے موقع پر ریلیز ہویہی وجہ ہے کہ اس عید الفطر مقامی سنیماؤں میں 4 پاکستانی فلمیں ریلیز ہوں گی۔
ہر سال عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پرسینماؤں میں پاکستانی فلموں کا مقابلہ بالی ووڈ فلموں سے ہوتا ہے اور بھارتی فلمیں پاکستانی فلموں سے بازی لے جاتی ہیں تاہم پاکستانی شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ اس عیدالفطر پر مقامی سینماؤں میں عید کے ایک ہفتے تک صرف پاکستانی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔ عید الفطر کے موقع پر چار پاکستانی فلمیں’سات دن محبت ان‘، ’آزادی‘، وجود‘اور ’نہ بینڈ نہ باراتی‘ریلیز کی جارہی ہیں۔
سات دن محبت ان:
اس عید الفطر پر جس فلم کے سب سے زیادہ چرچے ہورہے ہیں وہ ماہرہ خان اور شہریار منور کی رومینٹک کامیڈی فلم ’سات دن محبت ان‘ہے۔ ہدایت کار مینو گور اورفرجاد نبی کی فلم کی کہانی نامور مصنف فصیح باری خان نے تحریرکی ہے ۔ فلم کی کہانی ٹیپو(شہریار منور)کے گرد گھومتی ہے جو سچی محبت کی تلاش میں مشکلات کا شکار ہوجاتاہے، جب کہ اداکارہ ماہرہ خان نیلی کے کردار میں شہریار منور کے مقابل مرکزی کردار اداکرتی نظر آئیں گی۔
فلم’سات دن محبت ان‘کے ذریعے اداکارہ میرا سیٹھی فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کرنےجارہی ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں آمنہ الیاس، حنا دلپزیرخان، جاوید شیخ، عامر قریشی، عدنان شاہ شامل ہیں۔ فلم میں اداکار جاوید شیخ بھوت کا کردار نبھا رہے ہیں جو ٹیپو کو اپنے مشوروں سے بیوقوف یا پھرزیروسے ہیرو بناتے نظرآئیں گے۔ ماہرہ خان اور شہریار منور کی یہ دوسری فلم ہےاس سے قبل دونوں 2016 میں فلم’ہومن جہاں‘میں ایک ساتھ نظرآئے تھے۔
آزادی:
عید الفطر کے موقع پر جو دوسری بڑی فلم نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے وہ اداکار معمر رانا اور سونیا حسین کی فلم’آزادی‘ہے۔ یہ فلم دیگر فلموں کی طرح مصالحہ فلم نہیں بلکہ اپنے موضوع کے اعتبار سے منفرد کہانی ہے جو کشمیر کی جدوجہد آزادی کے گرد گھومتی ہے۔اس فلم کے ذریعے اداکار معمر رانا طویل عرصے بعد ایک بار پھر فلم انڈسٹری میں واپسی کررہے ہیں۔
فلم میں معمر رانا کشمیری مجاہد آزاد کا مرکزی کردار اداکررہے ہیں جب کہ اداکارہ سونیا حسین صحافی زارا کے کردار میں نظر آئیں گی۔ عمران ملک اس فلم کے ذریعے ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھ رہے ہیں جب کہ فلم کی کہانی بھی انہوں نے تحریر کی ہے ۔ عمران ملک کے بھائی عرفان ملک فلم کو پروڈیوس کررہے ہیں۔ اداکار معمر رانا اور سونیا حسین کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکار ندیم بیگ شامل ہیں۔
وجود:
اس عیدالفطرپر جاوید شیخ اوردانش تیمور بھی شائقین کو اپنی فلم ’وجود‘ کے ذریعے محظوظ کریں گے۔ خاص بات یہ ہے کہ جاوید شیخ اس فلم کی ہدایت کاری بھی دے رہے ہیں۔ رومینٹک تھرل فلم’ وجود‘ کی زیادہ تر شوٹنگ ترکی میں ہوئی ہے۔ فلم میں دانش تیمور کے علاوہ اداکارہ سائدہ امتیاز اوربھارتی اداکارہ آدیتی سنگھ مرکزی کردار میں نظرآئیں گی۔ جب کہ جاوید شیخ منفی کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکار ندیم بیگ، فریحہ الطاف اور علی سلمان شامل ہیں۔
نابینڈ نا باراتی:
اس عید الفطرپر مقامی سینماؤں میں چوتھی پاکستانی فلم ’نابینڈ ناباراتی‘ شائقین کے دلوں پر راج کرنے آرہی ہے۔ عید الفطر سے قبل اس فلم کو 6 جولائی کو سینما میں نمائش کے لیے پیش کیاجانا تھا تاہم اب یہ فلم عیدالفطر کے موقع پر سینما گھروں میں دکھائی جائے گی اس فلم کو جلد ریلیز کرنے کافیصلہ اس وقت سامنے آیا جب وزارت اطلاعات نے عید کے موقع پر بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی۔
کامیڈی سے بھرپور فلم ’نابینڈ ناباراتی‘میں اداکار علی کاظمی اور میکال ذوالفقارمرکزی کردار اداکررہے ہیں۔ علی کاظمی نے فلم کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ فلم مکمل طور پر فیملی انٹرٹینمنٹ ہے جس میں رومینس، ایکشن، شاندار موسیقی اور مزاح ہے جسے لوگ بے حد انجوائے کریں گے اورمسکراتے ہوئے سینما سے باہر جائیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top