جمعہ، 4-اکتوبر،2024
جمعہ 1446/04/01هـ (04-10-2024م)

عبدالقدوس بزنجو نے اپنے عوام دوست اقدامات کی وجہ سے لوگوں کے دل جیت لیے

27 جون, 2018 14:59

پچھلے کچھ عرصہ سے صوبہ بلوچستان بہت سی مثبت تبدیلیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ یہ تبدیلیاں بالخصوص سیاسی اور بالعموم دوسرے شعبوں میں منعقد ہوئی ہیں۔ ان تبدیلیوں کا پیش خیمہ یہاں کی ابھرتی ہوئی نوجوان قیادت ہے۔ جو کہ اس بات کا غماز ہے کہ ہمارے نوجوان جوش و ولولہ سے بھرپور ملک کی خدمت بہتر انداز میں کرنے کو تیار ہیں۔

چند ماہ قبل جس طرح بلوچستان کی سیاسی قیادت جس میں نوجوان قیادت پیش پیش تھی، نے آئینی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے بلوچستان حکومت کی تبدیلی کا کارنامہ سر انجام دیا یہ ایک قابل تحسین اقدام ہے۔ جس سے صوبہ بلوچستان کی عوام کو نااہل قیادت سے چھٹکارا اور میر عبدالقدوس بزنجو کی صورت میں ایک بہتر قیادت میسر ہوئی۔

ایک اور تازہ ہوا کا جھونکا اس وقت آیا جب پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بلوچستان سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے منتخب ہو کر تاریخ رقم کی۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کا تعلق بلوچستان کے علاقے چاغی سے ہے۔ بلوچستان کے دور دراز کے ایک علاقے سے چیئرمین سینٹ کا منتخب ہونا ایک انتہائی خوش آئند امر ہے۔ چیئرمین سینٹ کی تقرری میں بھی نوجوان قیادت بالخصوص وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے قائدانہ کردار ادا کیا اور چیئرمین سینٹ بلوچستان سے منتخب کروانے میں کامیاب رہے۔ یہ بلوچستان کی موجودہ قیادت اور ان کے اتحادیوں کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس اقدام نے وفاق کی مضبوطی اور بلوچستان کی احساس محرومی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
صوبہ بلوچستان میں سیاسی میدان میں سرفراز بگٹی، انوارالحق کاکڑ، عبدالقدوس بزنجو جیسی بہترین، محب وطن اور قائدانہ صلاحیتوں کی حامل نوجوان قیادت سامنے آئی ہے جنہوں نے صوبہ بلوچستان کو ایک مثبت راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ امن و امان کی بحالی میں سرفراز بگٹی صاحب نے لگن، محنت اور جوش و جذبے سے جو کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے۔ دہشتگردی کے خلاف آپ کا جرات مندانہ بیانیہ دشمنوں کےلیے باعث خوف ہے۔ ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں آپ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسی طرح انوار الحق کاکڑ صاحب نے بلوچستان کا ایک مثبت امیج اجاگر کرنے میں دن رات محنت کی ہے؛ دہشتگردی، انتہاپسندی کے خلاف بلوچستان کے بیانیہ کی صحیح ترجمانی کی ہے۔ وہیں چند ماہ قبل وزیراعلیٰ بننے والے عبدالقدوس بزنجو صاحب نے اپنے عوام دوست اقدامات کی وجہ سے لوگوں کے دل جیت لیے تھے۔ قلیل وسائل کے ساتھ انہوں نے بہت سے بہتر اقدامات سرانجام دینے کی کوشش کی ہے۔ عوام الناس کے مسائل جس طرح حل کرنے کی آپ نے کوشش کی ہے وہ لائق تحسین ہے۔

وقت کی کمی اور وسائل کی کمی کے باعث موجودہ بلوچستان حکومت کوئی بڑا پراجیکٹ یا منصوبہ تو شروع نا کر سکی لیکن روزمرہ کے انتظامی مسائل کے حل میں وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ نوجوان قیادت کی بدولت دوسرے شعبوں جیسا کہ سماجی، معاشی شعبوں میں بھی بہتری کے آثار پیدا ہو رہے ہیں۔ سی پیک کی بدولت ویسے بھی بہت سی مثبت تبدیلیوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ بلوچستان کی یہ نئی نوجوان قیادت صوبے کی عوام سے مخلص ہے اور نیک نیتی کے ساتھ ان کی خدمت میں پیش پیش ہے۔

مخلص نوجوان قیادت کی بدولت صوبے کی عوام میں ایک بہتر مستقبل کےلیے امید کی کرن پیدا ہو چکی ہے۔ امید ہے کہ اگر اسی طرح یہ نوجوان قیادت جوش و جذبے اور ہمت و لگن کے ساتھ صوبے کی عوام کی خدمت کرتی رہی تو آنے والے چند سالوں میں بلوچستان پاکستان کی پہچان بن جائے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top