جمعہ، 4-اکتوبر،2024
جمعہ 1446/04/01هـ (04-10-2024م)

مقبول خبریں

سانحہ مستونگ کی تحقیقات کے لئے پنجاب فرانزک ایجنسی ٹیم کوئٹہ پہنچ گئی

16 جولائی, 2018 18:35

کوئٹہ : ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ ٹیم خودکش حملے کے مقام کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کرے گی ، جو فرانزک ایجنسی کی ٹیم کے حوالے کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فرانزک ایجنسی ٹیم سانحہ مستونگ کی تحقیقات کے لیے کوئٹہ پہنچ گئی ہے، اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ فرانزک ایجنسی کی ٹیم تین ماہرین پرمشتمل ہے، ٹیم جائے وقوعہ کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کرے گی جبکہ متعلقہ لیویز اور ضلعی انتظامیہ نے بھی شواہد اکٹھے کئے ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا تھا کہ شواہد فرانزک ایجنسی کی ٹیم کے حوالے کیے جائیں گے، مبینہ خودکش حملہ آورکی شناخت کے لیے نمونے حاصل کیے جاچکے ہیں، ڈی این اے نمونے بھی فرانزک ایجنسی کی ٹیم کے حوالے کئے جائیں گے۔

اس سے مستونگ خود کش حملے کی نئی فوٹیج بھی سامنے آئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سراج رئیسانی کی تقریر جیسے ہی شروع ہوئی زور دار دھماکا ہوگی، سیکیورٹی انچارج کو اپنی طرف آتا دیکھا اور خود کش بمبار نے خود کو اڑا دیا، جس کے بعد ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ قائم لاشاری کی جانب سے شہداء اور زخمیوں کے تمام کوائف حاصل کر کے رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے، جس کے مطابق درینگڑھ خود کش دھماکے کے فوری بعد جاں بحق ہونے والے 18 افراد کی میتیں لواحقین جائے وقوعہ سے ہی اپنے گھروں کو لے گئے۔ ان شہداء کی میتیں اسپتال نہیں لائی گئیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنرمیٹنگ میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں سراج رئیسانی سمیت 149 افراد شہید جبکہ 186 زخمی ہوگئے۔

مستونگ دھماکے میں زخمی ہونے والے سو سے زائد افراد کوئٹہ کے سول اسپتال میں زیرعلاج ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مستونگ دھماکے کو خودکش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 16 سے 20 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top