مقبول خبریں
اس طرح کی آفرز کو قبول نہیں کروں گی جو میرے مزاج کے خلاف ہوں
معروف اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ اس طرح کی آفرز کو قبول نہیں کروں گی جو میرے مزاج کے خلاف ہوں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جب اپنے ملک میں بہترین کام کرتے ہوئے عزت، شہرت اور اہم مقام مل سکتا ہے تو بالی وڈ کیوں جایا جائے۔ اگر وہاں جا کر کام کرنے ضروری ہے تو پھرا پنی شرائط کے مطابق کیا جائے تو اس کا اپنا مزہ ہے۔ لیکن اس وقت تو پاکستان میں اچھی فلمیں بن رہی ہیں، مجھے بھی جب کوئی اچھا کردار آفر ہوگا تو ضرور کام کروں گی، لیکن فلموں میں آئٹم سانگ کرنا میرے بس کی بات نہیں۔
سجل علی نے کہا کہ ٹی وی ڈراموں میں حقیقت کے قریب کردار نبھانے پر ناظرین کا پیار اکثر آئوٹ ڈور شوٹنگز پر ملتا رہتا ہے۔ کوئی اپنی فیملی کے ساتھ تصویر بنواتا ہے تو کوئی آٹوگراف لیتا ہے۔ ایک فنکار کی کامیابی کا اصل ایوارڈ لوگوں کا پیار ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی کامیابی اور فلاپ ہونا ایک ایسا عمل ہے جس پر کسی کا کنٹرول نہیں۔ مگر ایک بات جو خاص ہے کہ ہماری فلموں کے معیار میں بہتری آئی ہے اور اس میں دن بدن نکھار آرہا ہے۔
سینما گھروں کی ویرانیاں دور ہو رہی ہیں ، جو اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالی وڈ میں کام کرنا ضروری تو نہیں لیکن ایک بات جو بہت اہم ہے کہ جو فنکار بالی وڈ میں کام کرکے وطن واپس لوٹتا ہے ، اس کوایک الگ ہی مقام مل جاتا ہے۔ یہ بات میری سمجھ میں نہیں آتی لیکن یہ حقیقت بھی ہے۔