ہفتہ، 27-جولائی،2024
( 21 محرم 1446 )
ہفتہ، 27-جولائی،2024

EN

دوسری جنگ عظیم کے ہیرو نے 100 سال کی عمر میں دوسری شادی کرلی

09 جون, 2024 15:57

محبت تو کسی بھی عمر میں ہو سکتی ہے اور دوسری جنگ عظیم کے ہیرو نے 100 سال کی عمر میں 96 سالہ جینی سوارلین سے شادی کرلی۔

دوسری جنگ عظیم میں لڑنے والے ہیرولڈ ٹرینز اور جینی سوارلین 8 جون کو فرانس کے ساحلی علاقے نارمنڈی میں ایک تقریب کے دوران رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔

ہیرولڈ ٹرینز نے اسے اپنی زندگی کا بہترین دن قرار دیا جبکہ اس موقع پر دلہن کا کہنا تھا کہ ‘محبت صرف جوان افراد کو ہی نہیں ہوتی’۔

شادی کے بعد انہیں فرانسیسی اور امریکی صدور کے ساتھ ریاستی ڈنر میں شرکت کا موقع بھی ملا۔

اس موقع پر فرانس کے صدر ایمانول میکرون نے نوبیاہتا جوڑے کو مبارکباد بھی دی۔

ہیرولڈ ٹرینز اور جینی سوارلین کا تعلق امریکا سے ہے مگر انہوں نے شادی فرانس میں کی، اسی لیے ان کی شادی علامتی تو ہے مگر اسے قانونی حیثیت حاصل نہیں۔

نارمنڈی کے علاقے Carentan کے میئر Jean-Pierre L’Honneur کے مطابق وہ ایسے غیر ملکیوں کی شادی کو قانونی حیثیت نہیں دے سکتے جو یہاں کے رہائشی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس جوڑے کی جانب سے شادی کی قانونی حیثیت کے لیے درخواست نہیں دی گئی تھی۔

یہ جوڑا ممکنہ طور پر امریکی ریاست فلوریڈا واپس جاکر یہ رسمی کارروائی مکمل کرے گا۔

جینی سوارلین 2 بار بیوہ ہو چکی ہیں جبکہ ہیرولڈ ٹرینز کی اہلیہ شادی کے 70 سال بعد انتقال کرگئی تھیں۔

کچھ عرصے پہلے ایک انٹرویو میں جینی سوارلین نے کہا کہ یہ تعلق صرف نوجوانوں کے لیے نہیں، درحقیقت اس عمر میں سب کچھ مل جانے کا احساس بہت زبردست ہے۔

ہیرولڈ ٹرینز کی 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے جبکہ جینی سوارلین کی بھی 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، جبکہ دونوں کے متعدد پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں بھی ہیں۔

ہیرولڈ ٹرینز کے مطابق ان کی لمبی زندگی کا راز تناؤ کو کم از کم رکھنا ہے اور وہ ہمیشہ زندگی کے مثبت پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top