منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

کارساز باپ بیٹی کی ہلاکت؛ ملزمہ نتاشا کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

20 اگست, 2024 19:06

سٹی کورٹ نے کراچی کے علاقے کارساز روڈ پر ٹریفک حادثے میں باپ بیٹی کی ہلاکت پر ملزمہ خاتون کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

اسپیشل مجسٹریٹ جج نے ملزمہ کو بدھ کے روز مناسب میڈیکل رپورٹ کے ساتھ عدالت میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی، پولیس کے تفتیشی افسر عامر الطاف نے ملزمہ کے 7 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

ملزمہ کے وکیل عامر منسوب نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ ایک نفسیاتی مریضہ ہیں اور گزشتہ 5 سال سے زیر علاج ہیں، ان کے مطابق مریضہ کی ذہنی حالت ایسی نہیں کہ انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ ایسے مریضوں کو عموماً آئیسولیشن وارڈ میں رکھا جاتا ہے۔

دوسری جانب، تفتیشی افسر ایس آئی او عامر الطاف نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کی عدم پیشی کے بارے میں ایک رپورٹ اور عارضی میڈیکل رپورٹ بھی جمع کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا جناح ہسپتال کے ماہر نفسیات ڈاکٹر چنی لعل نے ملزمہ کا معائنہ کرکے انہیں ہسپتال میں داخل کر لیا ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی حالت ایسی نہیں کہ انہیں عدالت لایا جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ اگر ملزمہ پیش کرنے کے قابل نہیں ہیں، تو متعلقہ عدالت میں ایک میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا جائے۔

خیال رہے کہ پیر کے روز کارساز کے قریب سروس روڈ پر خاتون ڈرائیور نتاشا سے ٹویوٹا لینڈ کروزر بے قابو ہو گئی جس کے نتیجے میں انہوں نے آگے جانے والی دو موٹرسائیکلوں کو ٹکر ماری، ایک کار سے ٹکرائی اور پھر الٹ گئی۔

موٹرسائیکل سوار 62 سالہ عمران عارف اور ان کی بیٹی 23 سالہ آمنہ جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 55 سالہ عبد السلام ولد اسحاق سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق حادثے کی ذمے دار خاتون ڈرائیور کے سر پر بھی چوٹ آئی۔ زخمی ہونے والے چار افراد جناح ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پولیس اور رینجرز نے خاتون ڈرائیور کو جس کی شناخت پہلی انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں نتاشا کے نام سے کی گئی تھی، کو حراست میں لے کر اس کی کار کو قبضے میں لے لیا تھا جبکہ واقعہ کم ازکم دیگر 5 افراد بھی زخمی ہوئے تھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top