منگل، 17-ستمبر،2024
( 14 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

کپتان بابراعظم کو ہٹانے کا فیصلہ کون کرے گا؟ چیئرمین پی سی بی نے بتا دیا

04 جولائی, 2024 12:25

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقص کاکردگی کے بعد ٹیم کی سرجری سے متعلق بتادیا ہے۔

لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے قومی ٹیم کی سرجری، ڈومیسٹک اور کرکٹ کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ بابراعظم سے غلطیاں ضرور ہوئی ہیں لیکن انہیں فی الحال کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ نہیں ہوا، سابق کرکٹرز مشاورت کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی کوئی فیصلہ غصہ میں نہیں کرتے، جلد بازی کے فیصلے اکثر نقصان دیتے ہیں، البتہ انہوں نے واضح کیا کہ جو کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلے گا وہ دوبارہ قومی ٹیم میں نہیں آسکے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے ورلڈ کپ سے متعلق رپورٹ جمع کرادی ہے جس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بتایا ہے۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ  پی سی بی میں آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے، سابق بہترین کھلاڑیوں سے رابطے میں ہوں، اُن سے کرکٹ کی بہتری کے لئے مشورے لے رہے ہیں، کپتانی اور دیگر امور پر سابق کھلاڑی فیصلے کریں گے۔

چیرمین پی سی بی نے کہا کہ نہ کبھی ٹویٹس دیکھ کر فیصلے کرتا ہوں نہ کروں گا کیونکہ پی سی بی ایکس  سے نہیں چلتا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ میرے لیے سب سے بڑا ٹارگٹ قومی ٹیم کی منفی کارکردگی کو بہتر کرنا ہے، بورڈ کے اندر لوگ دکھاتے کچھ ہیں اور گراونڈ میں سچائی کچھ اور ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں فارمیٹ کے ہیڈ کوچز کو پاکستان بلا لیا ہے، گیری کرسٹن، جیسن گلیسپی اور اظہر محمود جب آئیں گے ان کے ساتھ سیشنز کئے جائیں گے۔

محسن نقوی نے لیگز، سینٹرل کنٹریکٹ اور ڈومیسٹک سے متعلق تفصِلی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لیگز کھیلنے والے کھلاڑی سن لیں، پہلے پاکستان بعد میں دوسری چیز ہوگی۔

شان مسعود کی ٹیسٹ کپتانی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ شان مسعود کو ہٹانے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا، ان کے بارے میں بہت لوگوں کی مثبت رپورٹ ملی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top