جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کہاں سے آئے؟ فرخ حبیب

13 جولائی, 2021 12:33

اسلام آباد : فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اکاوئنٹس کی جانچ پڑتال ضروری ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کہاں سے آئے؟

الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی مبینہ فارن فنڈنگ سے متعلق کیس میں فرخ حبیب کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اکبر ایس بابر کو ریکارڈ تک رسائی کی جو سہولت دی گئی وہ ہمیں بھی دی جائے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ریکارڈ کی جانچ پڑتال نہیں کروا رہے۔ ہمیں بھی فارن فنڈنگ اسکروٹنی میں یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔

الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر اسکروٹنی کمیٹی سے رپورٹ طلب کرلی۔ درخواست پر مزید سماعت 28 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی فارن فنڈنگ کیس اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے زیر سماعت ہے۔ تحریک انصاف نے درخواست دائر کی کہ ہمیں بھی دونوں جماعتوں کے دستاویزات کی جانچ پڑتال کا موقع دیا جائے۔ ایک دوسرے کیس میں الیکشن کمیشن نے فریق کو جانچ پڑتال کی اجازت دی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنا ریکارڈ جمع کرا چکی ہے، اکبر ایس بابر کے الزامات جھوٹے ہیں۔ اکبر ایس بابر ن لیگ کے ایزی لوڈ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : الیکشن اصلاحات کے بغیر جمہوریت مضبوط نہیں ہوسکتی: شفقت محمود

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ 2017 سے اپنی فارن فنڈنگ کا ریکارڈ جمع نہیں کراسکی۔ مسلم لیگ ن نے 12 اور پیپلز پارٹی نے 7 اکاؤنٹس چھپائے ہیں۔ سوال ہے کہ پارٹی اکاؤنٹس منی لانڈرنگ اور کک بیکس کے لئے استعمال ہوئے؟ ان کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کہاں سے آئے؟ دونوں جماعتیں آئینی ادارے میں کیوں جواب نہیں دیتیں؟

فرخ حبیب نے کہا کہ مارک سیگل کو کہاں سے پیپلز پارٹی نے رقوم ادا کیں؟  پی پی پی مارک سیگل ادائیگی کہاں سے کرتی رہی ہے ؟ ن لیگ نے اسامہ بن لادن سے بے نظیر بھٹو کے خلاف کس مقصد کے لیے پیسے لیے تھے؟ پی پی پی اور ن لیگ کے اکاوئنٹس کی جانچ پڑتال ضروری ہے، دونوں جماعتیں ریکارڈ فراہم کریں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کیا پارٹی اکاؤنٹس کو بھی پاپڑ والوں کیلئے استعمال کیا گیا۔ یہ اداروں میں آکر حساب کیوں نہیں دیتے؟ ان کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا وقت کی ضرورت ہے۔ ہم نے 40 ہزار ڈونرز کا ریکارڈ جمع کرایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں بے روپیے پھر رہے ہیں، کبھی گلگت بلتستان تو کبھی سندھ کی بیٹی بن جاتی ہے۔ اپنی شادی میں مودی کو بلاتے ہیں کیا حریت رہنماوں کو بلایا تھا؟ یہ لوگ بھارت جاکر جندال سے ملتے ہیں مگر حریت رہنماؤں سے نہیں ملتے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کی آواز بنے مودی کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا۔ آزاد کشمیر کی عوام سمجھدار ہے وہ پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top