ہفتہ، 27-جولائی،2024
( 21 محرم 1446 )
ہفتہ، 27-جولائی،2024

EN

امریکا اور اسرائیل، ایران پر براہ راست حملہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں، نثار مہدی

15 اپریل, 2024 19:53

سینیئر تجزیہ کار نثار مہدی کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران پر براہ راست حملہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

جی ٹی وی نیوز کے پروگرام لوئیو ود مجاہد میں گفتگو کرتے ہوئے نثار مہدی نے کہا کہ دمشق میں سفارتخانے پر حملے کے نتیجے میں سفارتکار سمیت 7 افراد کی شہادت کے بعد ایران کو اسرائیل پر حملہ کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے جوابی کارروائی سے قبل اقوام متحدہ اور پڑوسی ممالک کو پہلے ہی معاملے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا، وضاحت نہ ملنے پر ایران نے باقاعدہ اسرائیل پر حملہ کرنے کا اعلان کیا۔

نثار مہدی کا کہنا تھا کہ حملے سے واضح ہوگیا اسرائیل امریکا کی مدد کا طلب گار ہے مگر امریکی انتظامیہ یہود کو بتا چکی ہے کہ وہ ایران سے کسی بھی مسئلے میں الجھنا نہیں چاہتی۔

تجزیہ کار نے کہا کہ اردن سمیت دیگر عرب ریاستوں کا معاملے میں کردار انتہائی افسوسناک ہے، اردن اس سے قبل بھی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند نہ کر سکا، یہ عرب ریاستیں اسرائیلی خوف میں مبتلا ہیں یا ہو سکتا ہے سفارتکاری یا پھر تجارتی معاملات کے باعث اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نثار مہدی نے مزید کہا کہ عرب عوام فلسطینیوں پر جاری ظلم کے خلاف ہیں، اگر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پھیلی تو عرب ریاستوں کے خلاف عوام کی جانب سے بغاوت بھی ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل ایران پر براہ راست حملہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں کیونکہ رواں برس امریکا میں صدارتی انتخابات ہوں گے اس لیے امریکی انتظامیہ کسی بھی ایڈونچر کی متحمل نہیں ہو سکتی جب کہ نیتن یاہو کو اپنی حکومت بچانے کے لیے کوئی حربہ اختیار کرنا پڑے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top