جمعہ، 17-مئی،2024
( 09 ذوالقعدہ 1445 )
جمعہ، 17-مئی،2024

EN

امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستانی الیکشن پر سماعت مقرر، ڈونلڈ لو طلب

15 مارچ, 2024 11:26

امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستانی الیکشن اور جمہوریت پر سماعت 20 مارچ کو مقرر کردی گئی۔

امریکی ایوان نمائندگان کی سب کمیٹی برائے مڈل ایسٹ، سینٹرل ایشیا اور شمالی افریقی امور پاکستان کی صورتحال کے بارے میں 20 مارچ بروز بدھ کو سماعت کرے گی۔

رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ میں اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو کو بھی طلب کیا گیا جو پاکستان سمیت جنوبی ایشیا اور سینٹرل ایشیا امور کے بیورو انچارج ہیں جب کہ عمران خان نے سائفر معاملے میں ان پر الزامات عائد کیے تھے۔

پس پردہ ڈونلڈ لو سے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اور بانی پی ٹی آئی امریکی محکمہ خارجہ سے سائفر کو بنیاد بنا کر امریکا کو بدنام کرنے اور پی ٹی آئی حکومت کے تختہ الٹنے کے پروپیگنڈہ کرنے پر معذرت اور خوشامد کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

بدھ 20 مارچ کو امریکی کانگریس کی سب کمیٹی پاکستان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں جو سماعت کرے گی اس کا عنوان ’’انتخابات کے بعد کا پاکستان‘‘ ہوگا، جس میں ’’پاکستان میں جمہوریت کے مستقبل اور پاک امریکا تعلقات‘‘ کے بارے میں سوال و جواب اور بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں پاکستان سمیت جنوبی اور سینٹرل ایشیائی امور کے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو اس سماعت کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کا موقف بیان کرنے کے علاوہ سوالات کے جواب دیں گے۔

امریکی عہدیدار ڈونلڈ لو بانی پی ٹی آئی کی امریکا مخالف اور سائفر کی سیاست کے دوران اور اس کے بعد بھی ذاتی طور پر کوئی جوابی تبصرہ اور بیان دیئے بغیر مکمل خاموشی کے بعد اس کمیٹی کے سامنے عوامی طور پر پیش ہوں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top