جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

آج اگرصدر نہ ہوتا تو جیل میں ہوتا:عارف علوی

26 اکتوبر, 2023 11:15

 

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف آج بھی میرے لیڈر ہیں، اگر ایوان صدر میں نہ ہوتا تو میں بھی آج جیل میں ہی ہوتا۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عارف علوی نے کہا کہ یقین نہیں ہے کہ الیکشن جنوری میں ہوں گے، انتخابات کے معاملے پر جب الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر معاملہ حل کرنے کی تجویز دی تو انہوں نے جواب میں کہا کہ ضرورت نہیں ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ اگر میں حج پر نہ گیا ہوتا تو الیکشن ایکٹ 2017 میں کی جانے والی ترمیم پر دستخط نہ کرتا کیونکہ یہ آئین کے خلاف ہے، ایکٹ میں 57/1 کو تبدیل کیا گیا مگر میں نے اُس پر دستخط نہیں کیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس میں نے نہیں بھیجا بلکہ وزیراعظم ہاؤس سے آیا تھا، بعد میں سابق وزیراعظم نے بھی ریفرنس بھیجنے سے انکار کیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پارلیمانی نظام میں امکان رہتا ہے کہ حکومت مدت پوری نہ کرپائے اور پاکستان بڑی مشکلات کے ساتھ جمہوریت کے راستے پر آیا ہے۔

انہوں نے اپنا عہدہ نہ چھوڑنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ آئین کہتا ہے نیا صدر منتخب ہونے تک موجودہ صدر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے گا، اگر میں عہدہ چھوڑ دوں تو یہ پاکستان کیلیے نامناسب ہے۔

یہ پڑھیں : فلسطین اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے تشدد پر صدر عارف علوی کا اظہار تشویش

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top