منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

وزیراعظم، صدر مملکت، آرمی چیف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار

10 اکتوبر, 2021 12:49

اسلام آباد: نامور پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر سیاسی رہنماؤں نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان:

وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر قدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اچانک انتقال پر بہت دکھ ہوا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ان کی وصیت کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے پر پوری قوم ان سے محبت کرتی ہے، پاکستانی عوام کے لیے وہ ایک قومی ہیرو تھے، ڈاکٹر عبدالقدیر کی خدمات نے بڑے جوہری ملک کی جارحیت سے ملک کو محفوظ رکھا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی:

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ذاتی طور پر 1982 سے جانتا تھا، ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، قوم ان کی خدمات کو کبھی نہیں بھولے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ:

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لے گرانقدر خدمات سر انجام دیں، اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے۔

اسد عمر:

وفاقی وزیر اسد عمر نے ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے وفاقت پر اپنے ٹویٹر بیان میں کہا کہ پاکستان کو نا قابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کلیدی کردار ادا کیا، اللہ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

شیخ رشید:

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی محسن پاکستان کو جنت الفردوس میں اعلی ترین مقام عطا فرمائے اور اللہ تعالی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے سوگواران اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

فواد چوہدری:

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے، پاکستان کیلئے ان کی خدمات ان گنت ہیں، خدا غریق رحمت کرے آمین۔

شاہ محمود قریشی:

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معروف سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایک عظیم انسان اور محب وطن پاکستانی تھے، ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین۔ وزیر خارجہ نے مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ کے ساتھ دلی اظہار تعزیت بھی کیا۔

شہباز گل:

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے محسن ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات کی خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہے، ڈاکٹر صاحب کا پاکستان کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کا احسان اور قرض اس ملک کا بچہ بچہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔

محمود خان:

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے معروف ایٹمی سائنسدان اور قومی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی جائیگی اور سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائے گا

وزیراعلی محمود خان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر قوم کا سرمایہ تھے، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اہم کردار ادا کیا، ملک و قوم کے لئے مرحوم کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گااللہ تعالٰی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کا صبر جمیل عطا کرے۔

فرخ حبیب:

وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا۔ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دعا ہے اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے۔

شیریں مزاری:

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا کہ ڈاکٹر قدیر خان کے انتقال کا سن کر دکھ ہوا، ڈاکٹر قدیر خان محسن پاکستان تھے، فرانس سے نیوکلیئر پلانٹ ایگریمنٹ سے متعلق اقدامات کے بعد ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، ڈاکٹر قدیر خان کو مغرب کیجانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

شفقت محمود:

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کا جان کر دکھ ہوا، ڈاکٹر عبد القدیر خان پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے علمبردار تھے، ڈاکٹر عبد القدیر خان نے ملک کی سلامتی میں بے پناہ حصہ ڈالا، دعا گو ہیں ان کی روح کو تسکین ملے، آمین۔

عاصم افتخار:

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ڈاکٹر قدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہیروڈاکٹرعبدالقدیر کے انتقال پر انتہائی دکھ ہوا، ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے پاکستان کیلئے اہم کردار ادا کیا۔

جام کمال خان:

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبد القدیر کا احسان ہر پاکستانی پر رہے گا۔ ڈاکٹر عبد القدیر نے پاکستان کو ایٹمی صف میں کھڑا کیا، بلا شبہ آج ایک عظیم ہستی ہم سب سے جدا ہو گئی۔ ڈاکٹر عبد القدیر نے پاکستان کا نام روشن کیا، پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے والے کو قوم ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھے گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top