منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

بھارتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، 20 ریاستوں کی 91 نشستوں پر پولنگ مکمل

11 اپریل, 2019 20:41

بھارت میں لوک سبھا (ایوان زیریں ) کے 17ویں انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج( بروزجمعرات ) 20ریاستوں کی نشستوں کے لیے پولنگ کا وقت اختتام پذیر ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں 7 مراحل میں ہونے والے انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، یہ انتخابات 6 ہفتوں میں مکمل ہوں گے۔

بھارت میں مجموعی طور پر 89 کروڑ 89 لاکھ ووٹرز میں سے انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

آج ہونے والے پہلے مرحلے میں 20 ریاستوں اور وفاقی انتظامی علاقوں کی 91 نشستوں میں ووٹنگ ہوئی جبکہ منگل کو پرتشدد واقعات میں 7 افراد کے قتل کے بعد سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

جن ریاستوں میں آج انتخابات ہوئے ان میں اترپردیش، آروناچھل پردیش، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، بھارت کے زیر تسلط جموں کشمیر، مہاراشٹرا، مزورام، مانی پور، میگھالیہ، ناگالینڈ، اوڈیشا، سکم، تیلانگانا، تری پورا، اتر پردیش، اتر کھنڈ، مغربی بنگال، اندمن، نکوبر اور لکشادیپ شامل ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں ووٹر ٹرن آؤٹ 50.26 فیصد، تلنگانہ میں 60.57، میگھالیہ میں 62 فیصد،اترپردیش میں 59.77 فیصد، منی پور میں 78.20 فیصد اور لکشادیپ میں 65.9 فیصد رہا۔

دوسری جانب انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھارتی ریاست اڑیسہ کے 2 بولنگ بوتھ میں ووٹر ٹرن آؤٹ صفر رہا۔

اوڑیسہ کے چیف الیکٹورل آفس نے تصدیق کی کہ ریاست کے 2 پولنگ میں بوتھ میں ووٹنگ نہیں ہوئی۔

ملکہ نگری کے علاقے میں تیمورو پالی گاؤں میں بوتھ نمبر 6 اور 8 پر ووٹر ٹرن آؤٹ صفر رہا۔

پولنگ کے دوران بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ووٹرز کی انگلیوں پر لگائی جانے والی سیاہی مٹنے کی شکایات بھی کی گئیں۔

نیوز 18 کے مطابق نوآئیڈا کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بی این سنگھ نے کہا کہ ’ میں سیاہی مٹنے کے واقعے کی تحقیقات کی جائے گی ، لیکن مجھے یقین ہے کہ ان مٹ سیاہی اچھے معیار کی ہے‘۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انتخابات کے دوران الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے خراب ہونے سمیت چند افراد کا ان کا نام ووٹرز فہرست میں نہ ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔

اپولو ہسپتال انٹرپرائزز لمیٹڈ کی ایگزیکٹو وائس چیئرمین شبانہ کامینینی نے شکایت کی کہ ان کا ووٹ پولنگ سینٹر کے ووٹرز لسٹ سے غائب کردیا گیا ہے۔

تلنگانہ ریاست کے حلقے چویلا سے کانگریس کے امیدوار کی رشتہ دار شبانہ کامینینی نے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان کا کہنا تھا کہ ’میں بوتھ آئی اور میرا نام غائب تھا، کیا ہمارا کوئی شمار نہیں، ہمارے ساتھ شہری ہونے کی حیثیت سے دھوکا ہوا ہے‘۔

بھارت میں 7 مراحل میں ہونے والے انتخابات میں پارلیمنٹ کی 543 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی، جن میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کا اعلان 23 مئی کو ہوگا۔

آج سے شروع ہونے والے بھارتی انتخابات کا یہ مرحلہ 19 مئی تک جاری رہے گا

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top