ہفتہ، 27-جولائی،2024
( 21 محرم 1446 )
ہفتہ، 27-جولائی،2024

EN

مقبول خبریں

پشاور ہائیکورٹ: سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کیخلاف درخواست مسترد

14 مارچ, 2024 13:00

پشاور ہائی کورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے متفقہ طور پر سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف درخواست کو مسترد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف متفقہ طور پر فیصلہ سنادیا۔

وکیل الیکشن کمیشن نے اپنے دلائل مکمل کرلیے جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے  مخصوص نشستوں سے متعلق سنی اتحاد کونسل کی درخواستیں خارج کردیں۔

خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے دائر درخواست پر سماعت جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے کی، جس میں جسٹس اعجاز انور، جسٹس عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس سید ارشد علی شامل ہیں۔

بیرسٹر علی ظفر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ کچھ سوال لارجر بینچ نے چھوڑے ہیں، جس پر عدالت کو اسسٹٹ کرنے کوشش کروں گا، الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان چھینا اور اسی عدالت نے واپس بحال کر دیا۔

علی ظفر نے مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے اس عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا، اس فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کےحمایت یافتہ امیدوار سامنے آئے، تمام ارکان پی ٹی آئی کے چھتری تلے پاس ہوئے، پھر سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے۔

بیرسٹر علی ظفر نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں 86، پنجاب اسمبلی میں107، خیبرپختونخوا اسمبلی میں 90، سندھ اسمبلی میں 9، بلوچستان میں ایک ممبر نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ سے تو صرف مخصوص نشستیں لی گئی ہیں، باقی حقوق تو آپ کے ہیں، وہ نہیں لیے گئے۔

تمام وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد پشاور ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد سنادیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے خواتین کے لیے 20 مخصوص نشستیں اور تین اقلیتی نشستیں سنی اتحاد کونسل کو دینے سے انکار کردیا تھا، پشاور ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ قومی اسمبلی کی تمام بقیہ مخصوص نشستوں اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشستوں پر لاگو ہوا۔

جس کے بعد 7 مارچ کو پشاور ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر منتخب ارکان کو حلف اٹھانے سے روکنے کے حکم میں 13 مارچ تک توسیع کردی تھی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top