اتوار، 8-ستمبر،2024
( 05 ربیع الاول 1446 )
اتوار، 8-ستمبر،2024

EN

اسرائیل کا رفح میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری، درجنوں فلسطینی زندہ جل کر شہید

27 مئی, 2024 10:35

اسرائیلی فورسز نے رفح میں ایک مخصوص محفوظ علاقے میں بے گھر افراد کے کیمپ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 40 کے قریب فلسطینی زندہ جل کر شہید ہوگئے۔

خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق تل السلطان کے کیمپ پر حملہ اس وقت ہوا جب اسرائیلی افواج نے جبالیہ، نصرات اور غزہ سٹی سمیت دیگر علاقوں میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں پر بمباری کی جس میں کم از کم 160 افراد شہید ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

مزید پڑھیں:غزہ میں حالیہ اسرائیلی فوج کے حملوں میں درجنوں فلسطینی شہید
اسرائیلی فوج نے رفح پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے حماس کے جنگجوؤں کو ‘درست ہتھیاروں’ کا استعمال کرتے ہوئے نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا کہ آگ لگنے سے عام شہری زخمی ہوئے اور کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

غزہ پر اسرائیل کی 7 اکتوبر سے جاری جنگ میں اب تک کم از کم 35 ہزار 984 فلسطینی شہید اور 80 ہزار 643 زخمی ہو چکے ہیں۔ اس تاریخ کو حماس کے حملے میں اسرائیل میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1،139 ہے، جن میں سے درجنوں اب بھی یرغمال ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے حماس کے ایک کمپاؤنڈ پر عین مطابق گولہ بارود اور درست انٹیلی جنس کی بنیاد پر حملے کیے۔

غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں 40 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

آئی ڈی ایف کو ان اطلاعات کا علم ہے جن میں بتایا گیا ہے کہ حملے اور آگ لگنے کے نتیجے میں علاقے میں متعدد شہریوں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان حملوں کا ہدف مغربی رفح کا علاقہ تل السلطان تھا جہاں ہزاروں افراد رہائش پذیر تھے۔

ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ رفح میں ہمارے فیلڈ ہسپتال میں شہادتوں کی بھرمار ہے، انہوں نے مزید کہا کہ دیگر ہسپتال بھی بڑی تعداد میں اسرائیلی حملوں کے متاثرین کو لے رہے ہیں۔

حماس کے سینیئر عہدیدار سمیع ابو زہری نے رفح میں ہونے والے حملے کو قتل عام قرار دیا ہے۔ انہوں نے امریکہ کو اسرائیل کی اسلحے اور پیسوں کی مدد کرنے کا ذمہ دار ٹھہرا یا۔

رفح میں کویتی ہسپتال پہنچنے والے رہائشیوں میں سے ایک نے بتایا کہ فضائی حملوں نے خیموں کو جلا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیمے پگھل رہے ہیں اور لوگوں کے جسم بھی پگھل رہے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top