جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

پی ٹی آئی کا کمشنر کے الزامات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

18 فروری, 2024 16:08

پاکستان تحریکِ انصاف نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے انتخابات میں بےظابطگیوں کے اعتراف پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم کیلئے عمر ایوب ہمارے امیدوار ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیکریٹری جنرل عمر ایوب کو آج ویلکم کرتے ہیں، بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نےعوامی مینڈیٹ کے مطابق نتائج ابھی تک جاری نہیں کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں ہماری 180 سیٹیں ہیں جبکہ کے پی کے میں 42 پنجاب میں 115 سندھ میں 14 سیٹیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کیلئے کوششیں کیں، بروقت انتخابات کیلئے پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے باربار استدعا کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی ریلیوں، ورکرزوکنونشنز کی اجازت نہیں دی گئی۔

وزراتِ عظمیٰ کیلئے نامزد اُمیدوار پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہماری قومی اسمبلی میں 180 سیٹیں ہیں، وزیرِ اعظم کیلئے الیکشن لڑوں گا، وزارتِ عظمی تحریکِ انصاف کی ہوگی۔

 عمر ایوب نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں تحریکِ انصاف حکومت بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم کی کرسی عمران خان کی امانت ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، تحریکِ انصاف وہ واحد پارٹی ہے جو ملک کی معیشت کو بہتر بنا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری 19 سیٹیں کراچی میں چھینی گئی ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کو کراچی کی نشستیں واپس کی جائیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کو مدر آف آل رگنگ قرار دیتے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو 3 کروڑ سے زائد ووٹ ملے ہیں۔عمر ایوب نے مطالبہ کیا کہ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف جوڈیشل کمیشن بنائی جائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top