اتوار، 8-ستمبر،2024
( 05 ربیع الاول 1446 )
اتوار، 8-ستمبر،2024

EN

کرغزستان واقعہ: وزیراعظم کا وطن واپسی کے خواہشمند طلبہ کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان 

18 مئی, 2024 11:15

پاکستانی طلبہ پر حملوں کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر سے رابطہ کیا ہے۔

شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے پاکستانی طلباء کو ہر قسم کی مدد و معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، سفارتخانہ زخمی طلباء کی معاونت کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے پاکستانی سفیر کو خود ہاسٹلز کا دورہ کرکے طلباء سے ملاقات کرنے اور زخمی طلبا کو بہترین علاج معالجہ فراہم کرنے ہدایت کی اور کہا کہ جو زخمی طلباء پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں، ان کی فوری واپسی کا انتظام کیا جائے جب کہ ان کی واپسی کے اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔

شہباز شریف نے سفیر کو ہدایت کی ہے کہ طلباء کے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کو بر وقت معلومات فراہم کرتے رہیں۔

اس کے علاوہ  وزیر اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کرغزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں، اس صورتحال میں اپنے طلباء کو بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کرغزستان  میں پاکستانی طلباء پر ہجوم کے حملوں کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پاکستانی طلباء کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کرغیز حکام سے رابطہ قائم کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ کرغزستان میں اپنے سفیر کو مکمل سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top