ہفتہ، 27-جولائی،2024
( 21 محرم 1446 )
ہفتہ، 27-جولائی،2024

EN

وزیراعظم کا ایک بار پھر قابل تجدید توانائی کی پیداوار پر زور

15 اپریل, 2024 16:43

وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے لئے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیر اعظم نے یہ بات پیر کے روز بجلی کے شعبے کے منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں مختلف وزراء اور پاور سیکٹر کی نمائندگی کرنے والے حکام نے شرکت کی۔

شہباز شریف نے خام تیل کی ٹینکر کمپنیوں کو "مافیا” اور "ملک کی دولت کو کھانے والے پیراسائٹس قرار دیتے ہوئے کہا کہ آخر کار، ہمیں قابل تجدید توانائی کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نقل و حمل کے لئے استعمال ہونے والے خام تیل کی درآمدات کو اس وقت تک کنٹرول نہیں کرسکتے جب تک ہم برقی نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو نہیں لاتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی پیداوار کے لئے تیل کی درآمدات کو قابل تجدید توانائی کی طرف موڑ کر روکا جاسکتا ہے، اور طویل مدت میں اس سے ملک کو فائدہ ہوگا۔

شہباز شریف نے صوبے بھر میں بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے پر پنجاب حکومت کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ ہمارا بجلی کی ترسیل کا نظام خستہ حال ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بجلی کے شعبے میں کتنی ہی سرمایہ کاری کی جائے، اگر ہمارا ٹرانسمیشن سسٹم غیر موثر رہا تو سرمایہ کاری ختم ہوجائے گی۔

دوران اجلاس شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ توانائی کے شعبے کے مسائل کے حل کے لیے عالمی معیار کے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کریں۔

وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو اضافی بجلی کے استعمال کے لئے ایک میکانزم تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top