منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

فلسطین پاکستانی عوام کے تعاون اور یکجہتی پر مشکور ہے، حماس رہنما

21 اگست, 2024 13:00

کراچی: فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما ڈاکٹر ناجی نے کہا کہ فلسطینی قوم پاکستانی عوام کے تعاون اور ہکجہتی پر مشکور ہے۔

حماس کے سیاسی ونگ کے صف اول کے رہنما ڈاکٹر ناجی ظہیر نے جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران حماس کے شہید سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ حماس رہنما نے پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر موڑ پر فلسطینیوں کی حمایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:ناکارہ اسرائیلی فوج، حماس کو شکست نہ دے سکی تو الزامات لگادیے

ڈاکٹر ناجی ظہیر نے جے یو آئی رہنماؤں کو فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم مولانا فضل الرحمان اور جمعیت علماء اسلام کی سرپرستی اور تعاون پر مشکور ہے۔

دوسری جانب علامہ راشد محمود سومرو نے اس موقع پر کہا کہ مولانا فضل الرحمان صاحب کی قیادت میں جے یو آئی فلسطین کے مظلوموں کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ظلم کی تمام حدیں پار کر دی ہیں اور وہ دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد کے طور پر سامنے آیا ہے۔ فلسطینی مسلمان پوری امت کی جانب سے بیت المقدس کا دفاع کر رہے ہیں اور ان کی جدوجہد پوری امت مسلمہ کی طرف سے کفارہ ہے۔

علامہ راشد محمود سومرو نے فلسطینی رہنما کو 14 اکتوبر کو میرپور خاص میں منعقد ہونے والی مفتی محمود کانفرنس اور نومبر میں شہید اسلام کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، جسے فلسطینی رہنما نے قبول کر لیا۔

اس موقع پر جے یو آئی کے دیگر رہنما قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث، مولانا حماد اللہ شاہ، مولانا سمیع الحق سواتی، ڈاکٹر شفیق الرحمن سومرو، اور مولانا محمد امجدودیگر بھی موجود تھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top