جمعہ، 17-مئی،2024
( 09 ذوالقعدہ 1445 )
جمعہ، 17-مئی،2024

EN

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر موصول، اسٹیٹ بینک نے تصدیق کردی

30 اپریل, 2024 17:44

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 3 ارب ڈالر کی آخری قسط میں 1.1 ارب ڈالر مل گئے ہیں۔

یہ پیش رفت آئی ایم ایف کی جانب سے 9 ماہ کے اسٹیںڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کی مدد سے پاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی پروگرام کا حتمی جائزہ مکمل کرنے اور 1.1 ارب ڈالر کی فوری ادائیگی کی اجازت دینے کے بعد سامنے آئی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے آئی ایم ایف سے 29 اپریل 2024 ء کو تقریبا 1.1 بلین امریکی ڈالر وصول کیے ہیں۔ یہ رقم 3 مئی 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں ظاہر ہوگی۔

مرکزی بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 19 اپریل تک 7.981 ارب ڈالر رہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قرضوں کی تقسیم سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا، ایس بی اے ملک کو بیرونی واجبات ادا نہ کرنے سے بچانے میں اہم ہے۔

پاکستان اب ملک میں میکرو اکنامک استحکام حاصل کرنے کے لئے آئی ایم ایف پروگرام کی ایک بڑی اور طویل توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) حاصل کرنا چاہتا ہے۔

اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی اور پاکستان کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ ملاقات سعودی عرب میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔

شہباز شریف نے کرسٹالینا جارجیواکو آگاہ کیا کہ انہوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں اپنی مالیاتی ٹیم کو ساختی اصلاحات، سخت مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور دانشمندانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت کی ہے جس سے میکرو اکنامک استحکام اور پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top