جمعرات، 9-مئی،2024
( 01 ذوالقعدہ 1445 )
جمعرات، 9-مئی،2024

EN

قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات، مسلم لیگ ن کی واضح برتری

22 اپریل, 2024 09:00

ضمنی الیکشن 2024 میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام21حلقوں کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے واضح برتری حاصل کرلی۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا کی دو، دو جبکہ سندھ کی ایک قومی اسمبلی کی نشست پر امیدوار مدمقابل تھے۔ اسی طرح پنجاب کی 12، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی دو، دو صوبائی نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی 2 نشستوں سمیت پنجاب اسمبلی کی 12 میں سے 10 سیٹیں حاصل کرلیں جبکہ اتحادی جماعتیں ق لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی بھی ایک ایک صوبائی نشست حاصل کرسکی ہیں۔

ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کا سلسلہ صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلا تاخیر 5 بجے تک جاری رہا۔ بعدازاں، ووٹوں کی گنتی شروع کی گئی اور اب تک اے آر وائی نیوز نے اپنے ناظرین کیلیے غیر حتمی و غیر سرکاری مکمل نتائج پیش کردیئے

اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملک بھر سےصوبائی اسمبلیوں کی 16 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں ن لیگ 10، سنی اتحاد کونسل 1، استحکام پاکستان پارٹی  اور  مسلم لیگ ق بھی 1-1 نشست پر کامیاب ہوئیں۔

قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نومنتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب ارکان کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، ضمنی انتخاب میں پارٹی کو ووٹ دینے پر عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، یقین دلاتے ہیں ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوری دیانتداری اور محنت سے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، معاشی بہتری کے آثار کے ساتھ عوامی رائے میں تبدیلی بھی نمایاں ہو رہی ہے، (ن) لیگ کے امیدواروں کی کامیابی معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور خارجہ تعلقات کی بہتری کی حکومتی خدمت کا عوامی اعتراف ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top