اتوار، 8-ستمبر،2024
( 05 ربیع الاول 1446 )
اتوار، 8-ستمبر،2024

EN

ناروے کپ کیلئے پاکستانی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کا اعلان

22 جولائی, 2024 16:26

اسلام آباد: پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی جانب سے ناروے کپ 2024 میں شرکت سے قبل وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تعاون سےآج اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

پریس کانفرنس میں قومی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے کپتان محمد عدیل، کوچ محمد رشید ، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اورکنٹری ہیڈ مسلم ہینڈز پاکستان سید ضیاء النور اور پروجیکٹ میدان کی انتظامیہ نے گفتگو کی۔

پریس کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق تربیتی کیمپ میں سےرواں ماہ 27 جولائی 2024 سے ناروے میں منعقد ہونے والے عالمی یوتھ فٹبال کپ’’ناروے کپ‘‘ کیلئے سکواڈ کااعلان کردیا گیا ہے۔

جس میں فارورڈز،محمد کاشف،عیٰسی خان، شاہد انجم، عبدالغنی مڈفیلڈرز،محمد جنید،محمد خان،دانیال ،اویس ،محمد اسامہ شامل ہیں اور ڈیفینڈرز، اسد ناصر، عبید اللہ ، محمد عدیل،حمزہ گل شامل ہیں۔

گول کیپر، آریان، عدیل علی خان اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

قومی ٹیم ایونٹ میں حصہ لینے کےلیے 25 جولائی کو ناروے اوسلو کےلیے اڑان بھرے گی۔ قومی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم 28 جولائی سے اپنے گروپ میچز کا آغاز کرے گی جس میں قومی ٹیم کا پہلا میچ 28 جولائی کو ناروے کے استور فٹ بال کلب سے ہوگا۔

اس سے قبل پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی انتظامیہ کی جانب سے3ماہ پہلے ملک بھر میں ناروے کپ کےلیے ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پریس کانفرنس میںصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان صاحب نے کہا کہ مسلم ہینڈز کا پروجیکٹ میدان گزشتہ کئی سالوں سے وزیر اعظم پاکستان میاںمحمدشہباز شریف کے ساتھ مل کر نوجوانوںکیلئے کام کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاں مسلم ہینڈز پروجیکٹ میدان کے ذریعے ’اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام‘ بھی جاری رکھے ہوئے ہے جس کے تحت پاکستان کے لاکھوں نوجوانوں کو مختلف کورسز کروائے جاتے ہیں،تاکہ روزگار کے لیے ہمارے بیرون ملک جانے والے نوجوان بھی سند یافتہ ہوں۔گزشتہ 4 سالوں سے پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم ناروےکپ میں پاکستان کی نمائندگی کررہی ہے یہ نوجوان ٹیلینٹ سے بھرپور ہیں۔

اس موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کے ہماری ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ ناروے کپ میں شرکت کرے گی، روزانہ کی بنیاد پر ہمارے پریکٹیس سیشن ہورہے ہیں جس میں ہم مخلتف مہارتیں سیکھ رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے ہم اس دفعہ ناروے کپ کا ٹائٹل
جیت کا پاکستان آئیں گے۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےمیدان پروجیکٹ کی انتظامیہ کا کہنا تھا مسلم ہینڈز کا پروجیکٹ میدان فٹبال کے ذریعے پاکستان بھر کے اسٹریٹ چائلڈ بچوں کی فلاح و بہود کیلئے کام کررہا ہے۔ پاکستان میں 18 لاکھ سے زائد اسٹریٹ چلڈرن ہیں۔ ہم بچوں کو کھیل کے ذریعے ان کی شناخت کا حق، تعلیم کا حق دلوانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں۔اور انہیں مخلتف کورسز کروا کر ہنر مند بھی بناتے ہیں تاکہ یہ اسٹریٹ چائلڈ بچے معاشرے میں ایک اچھا کردار ادا کر سکیں۔ہم اس پروجیکٹ کے ذریعے پاکستان میں اسکولوں سے باہر 5 لاکھ بچوں کو واپس اسکولوں میں لانے اور انہیں اچھی تعلیم دلوانے کیلئے بھی کام کرہے ہیں۔

یاد رہے پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم ناروے کپ 2023 میں رنر اپ اور قطر میں منعقد ہونے والے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں بھی رنر اپ رہی تھی اورناروے کپ 2015میں دوسری پوزیشن اورناروے کپ 2016میں تیسری پوزیشن حاصل کرچکی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top