منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

ٹی 20 ورلڈ کپ: روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج نیویارک میں مدمقابل ہونگے

09 جون, 2024 10:19

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا آج پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا جائے گا ، کھیل کے دیوانوں نے ٹیم پاکستان کو گڈ لک کا پیغام دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت آج نیویارک کے کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونگے۔

ویسے تو قومی ٹیم کا ورلڈکپ میں آغاز اچھا نہ ہوا اور اسے  امریکا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن شائقین کرکٹ قومی ٹیم کے لیے دعاگو ہیں اور اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ ٹیم روایتی حریف کو شکست دے کر ایونٹ میں شاندار کم بیک کرے گی۔

 پاکستان کرکٹ ٹیم نے میچ کی تیاری کے لیے گزشتہ روزپریکٹس کی جبکہ بھارتی ٹیم کے صرف دو کھلاڑیوں نے آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں 12 مرتبہ مدمقابل آئی ہیں، 8 میچ بھارت کے نام رہے جبکہ 3 میں پاکستان نے فتح حاصل کی، ایک میچ ٹائی رہا ۔

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سب سے بڑے ٹاکرے میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے، قومی ٹیم کو میگا ایونٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے آج کا میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاک – بھارت ٹاکرا ہونے جارہا ہے، جس کا انتظار ایونٹ کے آغاز سے ہی دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو ہے اور امریکا میں موجود پاکستان اور بھارتی شہری اس میچ کو دیکھنے کے لیے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔

پاکستان، ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ایک اور شکست کا متحمل نہیں ہوسکتا کیوں کہ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بابراعظم الیون کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے اور بھارت کے خلاف ہار کی صورت میں میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کے آگے جانے کے امکانات تقریباً ختم ہوجائیں گے۔

حالانکہ، امریکی کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ہمیشہ کی طرح اگر مگر کی صورتحال سے دوچار ہوچکا ہے اور اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو بھارت سمیت، کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف بھی جیت کو یقینی بنانا ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top