اتوار، 8-ستمبر،2024
( 05 ربیع الاول 1446 )
اتوار، 8-ستمبر،2024

EN

ہماری 85 نشستیں چھینی گئیں، پی ٹی آئی کی انٹرنیشنل میڈیا کیلئے پریس کانفرنس

16 فروری, 2024 17:08

پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2024 میں پارٹی سے 85 نشستیں چھینی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں انٹرنیشنل میڈیا کے لیے پریس کانفرنس کرتے ہوئے روف حسن نے کہا کہ پی ٹی آئی امیدواروں کے خلاف الیکشن میں فراڈ کیا گیا، 177 میں سے  92 سیٹوں پر ہمیں کامیابی دی گئی، 46 سیٹوں پر انتخابی عذرداری کی درخواستیں دی ہیں جب کہ 29 سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے جہاں سے پی ٹی آئی جیتی ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کا کہنا تھا کہ 9 فروری کی رات3بجے تک پی ٹی آئی 154سیٹوں پر کامیابی کی طرف بڑھ رہی تھی، کراچی سے 25لاکھ لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا مگر ہمیں ایک سیٹ نہ ملی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو 36ملین ووٹ پنجاب سے ملے، انتخابی نتائج میں الیکشن ایکٹ 92کی خلاف ورزی کی گئی، پنجاب سے 155 سیٹیں جیتیں مگر صرف 55 ہمیں دی گئیں۔

تاریخ رہی ہے پاکستان میں کبھی کوئی الیکشن بغیر دھاندلی کے نہیں ہوا، شاندانہ گلزار

شاندانہ گلزار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے ہم نے 3سیٹیں جیتیں مگر تینوں پر ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، جماعت اسلامی کو کراچی سے 8 لاکھ ووٹ ملے مگر ایک سیٹ نہیں دی گئی، تاریخ رہی ہے پاکستان میں کبھی کوئی الیکشن بغیر دھاندلی کے نہیں ہوا۔

پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے 8فروری کو بڑی تعداد میں ووٹ دیا، الیکشن مہم میں ہر روز ہمارے کارکنوں کو اٹھایا جارہا تھا، ہم سے بلے کا نشان چھینا لیکن عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں تاریخ ساز فیصلہ دیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اپنے حلقے میں ایک لاکھ ووٹ سے جیت رہا تھا، میری اہلیہ بطور پولنگ ایجنٹ آر او دفتر میں تھی تو انہیں باہر نکال دیا گیا، الیکشن سے قبل پارٹی کا نشان لیکر عوام کو مزید مشکل میں ڈالا، لہٰذا عالمی میڈیا دنیا کو بتائے پاکستان کے عوام کو حق حکمرانی سے محروم کیا جارہا ہے، اگر جعلی نتیجے بنانے ہیں تو الیکشن کرانے کا کوئی فائدہ نہیں۔

ریحانہ ڈار کا خواجہ آصف کو دوبارہ الیکشن لڑنے کا چیلنج

عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے دوران پریس کانفرنس کہا کہ میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ایک گھریلو خاتون ہوں، میرے گھر پر خواجہ آصف نے ڈی پی او اقبال حسن کے ساتھ ملکر ظلم کیا، اس کے بعد میں اس ظلم کے خلاف ڈٹ گئی اور خوف کے بت توڑ دیے۔

قرآن پاک پر حلف لیتی ہوں کہ فارم 45 اصلی ہیں، ریحانہ ڈار

ریحانہ ڈار نے  خواجہ آصف کو دوبارہ الیکشن لڑنے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کے خلاف دوبارہ الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہوں، قرآن پاک پر حلف لیتی ہوں کہ فارم 45 اصلی ہیں۔

اس کے علاوہ رہنما تحریک انصاف خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو کراچی میں سیٹیں بانٹی گئیں، 2024 میں 2018 سے بھی زیادہ ووٹ کراچی کے عوام نے دیے، شہر نے 2018 میں بھی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top