منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے نو منتخب اراکین آج حلف اٹھائیں گے

28 فروری, 2024 08:45

 

خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے اجلاس آج ہوں گے، دونوں صوبائی اسمبلیوں میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی اور بلوچستان میں اسپیکر جان محمد جمالی کے بجائے نومنتخب رکن زمرک خان اچکزئی بطور پریزائیڈنگ افسر ارکان اسمبلی سے حلف لیں گے۔

دونوں اسمبلیوں کیلئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں آج ہونے والے پہلے اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے، سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں ملنے کے حوالے سے فیصلہ نہ ہونے پر خواتین کی 21 اور اقلیتوں کی 4 نشستیں خالی رہیں گی۔

اسمبلی اجلاس کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ اسمبلی کی تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے پہلے اجلاس میں خواتین کی مخصوص 26 نشستوں میں جمیعت علمائے اسلام ف اور مسلم لیگ ن کی 2-2 خواتین اور پیپلز پارٹی کی ایک خاتون حلف لیں گی جبکہ 21 مخصوص نشستیں خالی رہیں گی اور اقلیتوں کی چار نشستوں پر بھی اراکین حلف نہیں لے سکیں گے۔

حلف اٹھانے کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے جبکہ دوسرے دن ان عہدوں پر انتخابی عمل ہوگا جبکہ جمعے کے روز نومنتخب اراکین اسمبلی قائد ایوان کا انتخاب کریں گے۔

آج ہی بلوچستان کی بارہویں اسمبلی کا پہلا اجلاس بھی ہو رہا ہے، صوبائی اسمبلی کے اجلاس کیلئے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

 

سہ پہر 3 بجے بلوچستان کی بارہویں اسمبلی کا پہلا اجلاس منعقد ہوگا جس میں صوبے کے 65 میں سے 62 کامیاب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔

تین اراکین اسمبلی نوٹیفکیشن کا اجرا نہ ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر جان محمد جمالی علالت کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے، اس لیے گورنر بلوچستان کی جانب سے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی کو پر یزائڈنگ نامزد کیا گیا ہے، وہ اراکین سے ان کے عہدے کا حلف بھی لیں گے۔

ٰیہ پڑھیں :قومی اسمبلی اجلاس پر حکومت نے صدر کے اعتراضات کا جواب دیدیا، فیصلے پر نظرثانی کی ہدایت

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top