ہفتہ، 27-جولائی،2024
( 21 محرم 1446 )
ہفتہ، 27-جولائی،2024

EN

ماسکو کے کانسرٹ ہال پرحملے میں133 افراد ہلاک

24 مارچ, 2024 10:00

غیرملکی میڈیا کے مطابق روس کے شہر ماسکو کے ایک کانسرٹ ہال میں بندوق بردار شخص نے اندھادھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 133 افراد ہلاک 152 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

روسی صدرولادمیر پیوٹن نے تصدیق کی ہے کہ  چاروں حملہ آور دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

قبل ازیں گزشتہ روز ایف ایس بی سیکیورٹی سروس کا کہنا ہے کہ ‘چاروں دہشت گردوں’ کو یوکرین کی سرحد کی جانب جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے یوکرین میں رابطے تھے۔
یوکرین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے ٹیلی گرام پر کہا کہ اب ہم جانتے ہیں کہ یہ خونی بدمعاش کس ملک میں چھپنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
ایک سینئر روسی قانون ساز آندرے کارتاپولوف نے کہا کہ اگر یوکرین ملوث ہے تو روس کو میدان جنگ میں "قابل احترام، واضح اور ٹھوس” جواب دینا ہوگا۔

گزشتہ روز شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے جمعے کے روز ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، جو گزشتہ 20 برسوں میں روس میں ہونے والا سب سے مہلک حملہ ہے۔ لیکن اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ روس یوکرین کے ساتھ روابط کی پیروی کر رہا ہے، اس کے باوجود کہ یوکرین کے صدارتی مشیر میخیلو پوڈولیاک نے کہا تھا کہ کیف کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ماسکو کے شمالی مضافات کراسنوگورسک کے کروکس سٹی ہال میں ہونے والے گھناؤنے اور بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے ارکان نے دہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے ذمہ داروں، منتظمین، مالی اعانت کاروں اور اسپانسرز کا احتساب کرنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب نیٹو، چین، ترکی اور امریکہ نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ جائے وقوع کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلے لوگ اپنی نشستوں پر بیٹھ رہے تھے پھر اچانک فائرنگ کی آوازوں کے ساتھ بیرونی دروازے کی جانب بھاگنا شروع ہوگئے۔

ایک اور ویڈیو میں دہشت گرد کو آٹومیٹک ہتھیار سے لوگوں پر گولیاں برساتے دیکھا گیا جس میں کچھ لوگ بے حس و حرکت خون میں لت پت پڑے زمین پر گرے ہوئے تھے۔

حکام نے ایک آٹومیٹک کلاشنکوف، اضافی میگزینز اور گولیوں کے ڈھیر کے تھیلے کی تصاویر جاری کیں۔

حملے کے بعد عمارت میں جگہ جگہ آگ بھڑک اٹھی، جس کے سبب ہال کی چھت کے کچھ حصے گر بھی گئے جبکہ ایمرنسی سروسز لوگوں کو یہاں سے نکالنے کی کوششوں میں مصروف تھیں۔

اس حملے کے بعد روس نے ایئرپورٹس، نقل و حمل کے مراکز اور دارالحکومت بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی ہے، ساتھ ہی ملک بھر میں تمام بڑے پیمانے کی عوامی تقریبات بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ اس حملے سے 2 ہفتے قبل ہی امریکا نے روس کو ماسکو میں انتہا پسندوں کے حملے کے خطرے سے آگاہ کیا تھا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top