ہفتہ، 27-جولائی،2024
( 21 محرم 1446 )
ہفتہ، 27-جولائی،2024

EN

’اسرائیلی جاسوس‘ کو اسلحہ فراہم کرنے کے الزام میں 3 افراد گرفتار

30 مارچ, 2024 15:27

ملائیشیا میں حکام نے ایک اسرائیلی شخص کو اسلحہ فراہم کرنے کے الزام میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔

ملائیشیا کے حکام نے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے 36 سالہ شخص کو اسلحہ فراہم کرنے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے، جسے رواں ہفتے کوالالمپور کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کوالالمپور کے ایک ہوٹل سے 36 سالہ شخص کو حراست میں لیا گیا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس رضاالدین حسین نے جمعہ کی رات دیر گئے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ چھ ہینڈ گنوں اور 200 گولیوں سے بھرے ایک بیگ کے ساتھ گرفتار شخص 12 مارچ کو متحدہ عرب امارات سے کوالالمپور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ مشتبہ شخص کے پاس فرانس کا جو پاسپورٹ موجود ہے، وہ جعلی ہے۔ ’جب گرفتار کیے جانے والے شخص سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس دوران اس نے اسرائیلی پاسپورٹ بھی حوالے کر دیا۔‘

پولیس افسر رضارودین کا کہنا ہے کہ اس کے اسرائیلی خفیہ ادارے کا رکن ہونے کے امکان کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ان کے بقول ’اگرچہ مشتبہ شخص نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ ملائیشیا میں ایک اور اسرائیلی شخص کو مارنے کے لیے داخل ہوا جس کے ساتھ اس کا خاندانی جھگڑا ہے، تاہم اس پر مکمل طور پر یقین نہیں کیا گیا اور ہمیں شبہ ہے کہ اس کا مقصد کچھ اور ہو سکتا ہے کیونکہ وہ اپنے قیام کے دوران مختلف ہوٹلوں میں جاتا رہا ہے۔‘

پولیس اس بات کی تحقیقات بھی کر رہی ہے کہ اس شخص نے ہتھیار کیسے حاصل کیے جو کہ ملائیشیا سے ہی خریدے گئے اور اس کے لیے ادائیگی کرپٹوکرنسی کے ذریعے کی گئی۔ اس شخص کی گرفتاری کے بعد سے ملک میں ہائی الرٹ ہے اور بادشاہ اور وزیر اعظم انور ابراہیم سمیت دیگر اعلٰی شخصیات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

مسلم اکثریت رکھنے والا ملک ملائیشیا فلسطین کا حامی رہا ہے اور غزہ جنگ میں اسرائیل کے اقدامات کی کھلی مخالفت کرتا آیا ہے۔

خیال رہے کہ ملائیشیا کے اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے تقریباً چھ سو فلسطینی ملائیشیا میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top