منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

اسرائیل کا غزہ سے فلسطینیوں کے انخلا کا الٹی میٹم؛ اسکے تباہ کن اثرات ہو سکتے ہیں: یو این سیکرٹری جنرل

14 اکتوبر, 2023 11:41

جینیوا: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل کی جانب سے غزہ سے فلسطینیوں کے انخلا کے الٹی میٹم کو خطرناک قرار دے کر واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

اسرائیل نے فلسطینیوں کو 24 گھنٹے میں غزہ خالی کرنے کا حکم دے رکھا ہے جبکہ فلسطینیوں نے اسرائیلی الٹی میٹم کو مسترد کرتے ہوئے اپنے علاقے چھوڑنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

اب اس حوالے سے یو این سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کو غزہ سے انتہائی مختصر نوٹس پر بڑے پیمانے پر انخلا کے تباہ کن انسانی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، انخلا کا حکم کم ازکم 11 لاکھ فلسطینیوں پر لاگو ہوگا، متاثرہ علاقے پہلے ہی اسرائیلی محاصرے اور بمباری کی زد میں ہیں، متاثرہ فلسطینی علاقے ایندھن، بجلی، پانی اور خوراک سے بھی محروم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے غزہ سے فلسطینیوں کے جبری انخلاء کو مسترد کردیا

ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ سے زائد لوگ اقوام متحدہ کے تحت پناہ گاہوں میں رہ رہے ہیں، لوگوں کو اسکولوں، ہیلتھ سینٹرز اور کلینکس میں بھی رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انخلا کے اسرائیلی حکم کا نفاذ ہزاروں بچوں پر بھی ہوگا، غزہ کی تقریبا آدھی آبادی 18 سال سے کم عمر افراد پرمشتمل ہے اور غزہ کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد مقامات میں ہوتا ہے۔

یو این سیکرٹری جنرل نے اسرائیل کے غزہ خالی کرنے کے الٹی میٹم کو انتہائی تشویشناک اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ فلسطینی علاقے پہلے ہی اسرائیلی بمباری سے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top