ہفتہ، 27-جولائی،2024
( 21 محرم 1446 )
ہفتہ، 27-جولائی،2024

EN

پاکستان میں مہنگائی کی شرح 23 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی

01 اپریل, 2024 17:43

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) نے مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیے۔

اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سال بہ سال کی بنیاد پر 20.7 فیصد رہی جو فروری کے مقابلے میں کم ہے جب کہ  ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر ریڈنگ میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا۔

یہ مئی 2022 کے بعد سے سب سے کم افراط زر ہے جب یہ 13.8 فیصد تھی۔ تین سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ سی پی آئی پر مبنی افراط زر کے اعداد و شمار کلیدی پالیسی ریٹ سے نیچے چلے گئے ہیں۔

سی پی آئی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا مارچ اوسط افراط زر کی شرح 27.22 فیصد رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 27.19 فیصد تھی۔

افراط زر کی شرح حکومت کی توقعات سے کم ہے اور اس سے اس وسیع تر تاثر کو تقویت ملتی ہے کہ اہم شرح سود اب کم ہونا شروع ہو جائے گی۔

جمعہ کو وزارت خزانہ نے اپنی ماہانہ اقتصادی اپ ڈیٹ اینڈ آؤٹ لک رپورٹ میں مارچ 2024 میں پاکستان میں سی پی آئی پر مبنی افراط زر کی شرح 22.5 سے 23.5 فیصد کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔

وزارت نے اپنی ماہانہ رپورٹ میں کہا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور رمضان المبارک کے اثر و رسوخ کے باوجود مارچ میں مہنگائی معتدل سطح پر دیکھی جا رہی ہے۔

ادارہ شماریات نے کہا کہ مارچ 2024 میں شہری سطح پر سی پی آئی افراط زر میں سال بہ سال کی بنیاد پر 21.9 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ اس سے پہلے کے مہینے میں 24.9 فیصد اور مارچ 2023 میں 33.0 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

ماہانہ بنیادوں پر مارچ 2024 میں یہ بڑھ کر 1.4 فیصد ہو گئی جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں 0.2 فیصد اضافہ اور مارچ 2023 میں 3.9 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top