جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

عمران خان نے اپنے ماتھے پر اسٹیبلشمنٹ کا ٹھپہ لگوالیا ہے: مریم نواز

14 جولائی, 2021 16:21

مظفرآباد: مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان نے خود بتادیا کہ ووٹ سے نہیں الیکشن چوری کرکے آئے ہو، وزیراعظم نے اپنے ماتھے پر اسٹیبلشمنٹ کا ٹھپہ لگوالیا ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تم لوگ چاہے پورے الیکشن کمیشن کو اغوا کرلو کوئی فرق نہیں پڑے گا، عمران خان الیکشن چوری کرو یا ڈبے اٹھا کر بھاگ جاؤ، آزاد کشمیر کے عوام اپنا فیصلہ سناچکے ہیں، کشمیر کا چپا چپا اپنا فیصلہ سنا چکا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان یہاں آنے کی تکلف نہیں کرنا، عمران خان کا استقبال جیسا ہوگا اس پر کچھ نہیں کہنا چاہتی، وزیراعظم اپنے بیان میں لوگوں کو جھوٹی تسلی دے رہے تھے، تم نے خود بتادیا کہ ووٹ سے نہیں الیکشن چوری کرکے آئے ہو۔

یہ بھی پڑھیں: آٹا چورو، چینی چورو، جان چھوڑو، کشمیر میں پھر شیر آرہا ہے : مریم نواز

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا میرے علاوہ کوئی چوائس نہیں، عمران خان آپ عوام کی نہیں سلیکٹرز کی چوائس ہیں،

وزیراعظم نے لوگوں کو بتادیا کہ ان میں اور نوازشریف میں کیا فرق ہے، عمران خان آپ چوائس اس لیے ہیں کہ آپ ہر بات پر جھک جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اہلِ کشمیر کو حقِ خود ارادیت ملنے تک سمجھوتہ نہیں کرے گا : وزیراعظم

نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے ماتھے پر اسٹیبلشمنٹ کا ٹھپہ لگوالیا ہے، وہ 22سال جدوجہد کے بعد سراٹھانے کے قابل نہیں، عمران خان کو کٹھ پتلی وزیراعظم کے طور پر یاد رکھا جائے گا، نوازشریف کی سلامتی کونسل میں برہان وانی کیلئے آواز اٹھائی گئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر چوری کے الزامات لگائے گئے، نوازشریف کو اللہ تعالیٰ نے عدالتوں سے سرخرو کیا، آپ کا صحت کا وزیر دوائیاں چوری کرتے پکڑا گیا، آپ کا وزیر پیٹرول اور ایل این جی چوری میں پکڑا گیا، عمران خان کی اے ٹی ایم آٹا چور نکلی۔

نائب صدر (ن ) لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ڈاکے کی وجہ سے چینی 120 روپے کلو ہوگئی، رمضان میں ایک کلو چینی کیلئے عوام کو بھکاری بنادیا گیا، عمران خان اور ان کی اے ٹی ایم نے ایل این جی پر 122 ارب کا ڈاکا ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی نہیں آتی لیکن لمبے لمبے بل آتے ہیں، عمران خان نے ملک دشمن قوتوں سے اربوں روپے لیے، 7 سال سے فارن فنڈنگ کیس التوا کا شکار ہے، فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں لکھا عمران خان نے 2 ارب 20 کروڑ کا چندہ اکٹھا کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان 16 خفیہ بینک اکاؤنٹس کا حساب نہیں دے سکے، سب سے بڑا منی لانڈرر عمران خان ملک پر قابض ہے، نیب، ایف آئی اے نے کرپشن پکڑنی ہے تو وزیراعظم ہاؤس پر چھاپہ مارے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top