منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

ڈیپ ڈپریشن تھوڑا ہی دور، کراچی والوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت

30 اگست, 2024 10:39

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں کیونکہ محکمہ موسمیات نے آج ممکنہ سمندری طوفان کے باعث شہر میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

مرتضیٰ نے بتایا کہ گزشتہ تین روز سے بارش ہو رہی ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں کراچی کے رہائشیوں خصوصا موٹر سائیکل سواروں پر زور دوں گا کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، ہر کوئی محفوظ رہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال پر 1339 پر کال کریں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ یہ سسٹم مزید مغرب اور جنوب مغرب کی جانب بڑھتا رہے گا اور آج شمال مشرقی بحیرہ عرب میں سندھ کے ساحل کے ساتھ ابھرے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے شدید کم دباؤ کی شدت برقرار ہے جس کی وجہ سے سسٹم کے آگے بڑھنے کی رفتار کم ہے۔

ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق سے 200 کلو میٹر دور ہے، جس کے آج دوپہر یا شام تک بحیرۂ عرب میں آنے کا امکان ہے۔

یہ ڈیپ ڈپریشن بحیرۂ عرب میں مزید شدت اختیار کر کے سمندری طوفان بن سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 31 اگست تک کراچی ڈویژن، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹی اے یار، مٹیاری، عمر کوٹ، میرپورخاص سمیت دیگر شہروں میں ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

30 اگست سے یکم ستمبر کے دوران حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر کے اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس طرح کی موسلا دھار بارشوں سے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے نشیبی علاقوں میں سیلاب یا طغیانی آسکتی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top