منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

کیا پاکستانی سمندر میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں؟

07 ستمبر, 2024 14:09

پاکستان کی سمندری حدود میں پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہونے دعوے کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ میں ایک سینئر سکیورٹی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تیل اور گیس کے ذخائر کی موجودگی کی تصدیق کے لئے ایک دوست ملک کے تعاون سے تین سالہ سروے کیا گیا تھا۔

جغرافیائی سروے نے پاکستان کو ذخائر کے مقام کی نشاندہی کرنے کی اجازت دی اور متعلقہ محکموں نے حکومت کو پاکستانی سمندر میں پائے جانے والے وسائل سے آگاہ کیا۔

عہدیدار نے اسے ‘بلیو واٹر اکانومی’ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بولی لگانے اور تلاش کی تجاویز کا مطالعہ کیا جارہا ہے، جس کا مطلب ہے کہ مستقبل قریب میں تلاش کا کام شروع کیا جاسکتا ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ تیل و گیس تلاش کرنے اور انہیں نکالنے کے کام میں کئی سال لگ سکتے ہیں، البتہ ‘بلیو واٹر اکانومی’ صرف تیل اور گیس پر محیط نہیں بلکہ سمندر سے کئی دیگر قیمتی معدنیات بھی نکالے جا سکتے ہیں۔

کچھ اندازوں سے پتہ چلتا ہے کہ یہ دریافت دنیا میں تیل اور گیس کے چوتھے سب سے بڑے ذخائر ہیں۔

100 فیصد یقین نہیں کہ توقع کے مطابق ذخائر دریافت ہوں، سابق رکن اوگرا

ایک بیان میں اوگرا کے سابق رکن محمد عارف نے کہا کہ اگرچہ ملک کو پرامید رہنا چاہیے لیکن اس بات کا 100 فیصد یقین نہیں کہ توقع کے مطابق ذخائر دریافت ہوں۔

تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کی تصدیق مناسب تلاش کے بعد ہی کی جاسکتی ہے، ذرائع پیٹرولیم ڈویژن

ادھر پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے نے کہا کہ ملک کی سمندری حدود میں تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کی تصدیق مناسب تلاش کے بعد ہی کی جاسکتی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے ارضیاتی سروے کیا گیا تھا اور اس کے اعداد و شمار کا مطالعہ کیا جا رہا ہے، البتہ یہ دعویٰ کرنا قبل از وقت ہوگا کہ ملک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

دریافت کی رپورٹس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک نے اس سے قبل بھی کئی مواقع پر سمندر میں تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کی ہے اور اس بات کو اجاگر کیا ہے کہ ماضی میں سمندر میں تیل کی تلاش کی سرگرمیاں تخمینوں پر مبنی تھیں۔

ذرائع نے کہا کہ جب تک گیس یا تیل دریافت نہیں ہو جاتا، ذخائر کے حجم کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ رواں سال کے دوران ملک بھر میں تیل و گیس کے متعدد ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top