جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

گوگل نے پاکستان میں سٹارٹ اپ مقابلے کا اعلان کردیا

09 اپریل, 2024 16:43

گوگل کلاؤڈ نے 2024 کا پہلا اسٹارٹ اپ مقابلہ پاکستان میں لانچ کر دیا ہے جس کا مقصد ملک میں سب سے زیادہ تخلیقی ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ کو اجاگر اور با اختیار بنانا ہے۔

اسٹارٹ اپ پاکستان کے مطابق اس مقابلے کا مقصد پاکستان کی بڑھتی ہوئی اسٹارٹ اپ کمیونٹی میں فروغ پانے والے کاروباری ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور ان کی مدد کرنا ہے۔

پاکستان کے لیے گوگل کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے اس اقدام کے بارے میں اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "گوگل کلاؤڈ کا اسٹارٹ اپ مقابلہ پاکستان 2024 ملک کے باصلاحیت افراد کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور کلاؤڈ ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے کاروباری افراد کی اگلی لہر کی حمایت کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

مزید پڑھیں:

گوگل کا اینڈرائیڈ فونز میں نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان

ایونٹ میں پانچ کیٹیگریز پیش کی جائیں گی جس میں مصنوعی ذہانت اور ای کامرس اینڈ کنکٹیویٹی، فن ٹیک، فرنٹیئر ڈیجیٹل ٹیکنا لوجیز اور پائیداری اور ماحولیات شامل ہیں۔

مقابلے میں حصہ لینے والے اسٹارٹ اپس ماہرین کے پینل کے سامنے اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع حاصل کریں گے اور ہر کیٹیگری میں 10 لاکھ روپے کے نقد انعام کے لیے مقابلہ کریں گے۔ ٹیک ویلی کے سی ای او عمر فاروق نے پاکستان کے اسٹارٹ اپ منظر نامے کو آگے بڑھانے میں مسابقت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "گوگل کلاؤڈ اور ٹیک ویلی کے درمیان یہ شراکت داری پاکستان میں ترقی کو تیز کرنے اور نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے کے لئے ہماری لگن کی عکاسی کرتی ہے۔

اس مقابلے کو اوپن، اسپائر، بکمی اور ٹرائیڈورین سمیت اسٹارٹ اپ کمیونٹی کی اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ گوگل ڈویلپر گروپس اور انڈس ویلی کیپٹل، فاطمہ گوبی وینچرز اور کٹالسٹ لیبز جیسی وینچر کیپیٹل فرموں کی حمایت حاصل ہے۔

گرینڈ فائنلز جولائی 2024 کے آخر میں کراچی میں منعقد ہوں گے، جہاں ہر کیٹیگری کے فاتحین کا اعلان کیا جائے گا اور پاکستانی اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں ان کے اختراعی خیالات اور خدمات پر انعامات دیئے جائیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top