منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

عام انتخابات 2024؛ کونسا سیاستدان کہاں اور کس حلقے سے الیکشن لڑ رہا ہے

24 دسمبر, 2023 13:05

ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے مختلف حلقوں میں مختلف نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ 20 دسمبر سے شروع ہوا اور آخری تاریخ 22 دسمبر تھی۔

جے یو آئی، ن لیگ، ایم کیو ایم اور بی اے پی سمیت دیگر جماعتوں نے الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات سے متعلق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے نظر ثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کرائے جا سکیں گے۔

 

نواز شریف:

قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے لاہور سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے گئے، لیگی رہنما بلال یاسین نے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔

محمد نواز شریف کے مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے، نواز شریف کے کاغذات نامزدگی بیرسٹر جہانگیر جدون نے جمع کرائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے بھی الیکشن لڑیں گے جبکہ ان کے بطور کورنگ امیدوار بلال یاسین ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق بلال یاسین پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 174 سے الیکشن لڑیں گے۔

 

آصف علی زرداری:

نواب شاہ میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 207 پر آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیںَ

سابق صدر آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی ان کی بہن ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے جمع کروائے۔

دوسری طرف حلقہ این اے 207 پر پاکستان تحریک انصاف کے فاروق چانڈیو اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے زاہد شاہ نے بھی کاغذات نامزدگی داخل کروائے ہیں۔

 

بلاول بھٹو:

بلاول بھٹو کی جانب سے لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 128 سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وہ آج کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔

بلاول بھٹو کے ساتھ صوبائی نشستوں پر حافظ محی الدین اور مصباح الرحمان پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

این اے 128 کی نشست پر مسلم لیگ ن کے میاں احمد احسان بلاول بھٹو کے مد مقابل ہوں گے۔

خیال رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ کے این اے 194 سے بھی الیکشن میں حصہ لیں گے۔

 

عمران خان:

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے حلقہ این اے 89 میانوالی سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں کاغذات نامزدگی پر دستخط کیے تھے جو اُن کے وکیل رائے محمد علی لے کر گئے تھے۔

 

چودھری پرویز الہٰی:

صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 3،3 حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ میں 3 حلقوں سے قومی اور 3 حلقوں سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہا ہوں، فیلڈ ہی نہیں تو لیول کیا ہونا ہے۔

 

یوسف رضا گیلانی:

رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی نے این اے 148 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔

این اے 148 ملتان سے سابق وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن بھی کاغذات جمع کرا چکے ہیں۔

سابق رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ بھی این اے 148 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔

 

جہانگیر ترین:

سربراہ استحکامِ پاکستان پارٹی جہانگیر ترین لاہور سے لودھراں پہنچ گئے، جہاں انہوں نے این اے 155 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

دوسری جانب استحکامِ پاکستان پارٹی کے دیگر رہنما بھی آج اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا رہے ہیں۔

پارٹی ترجمان کے مطابق صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان این اے 119، این اے 117 اور پی پی 149 سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

عون چوہدری حلقہ این اے 124، 127 اور پی پی 163 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائیں گے۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات آئی پی پی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ میں اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائیں گی، فردوس عاشق اعوان این اے 70 سے الیکشن میں حصہ لیں گی۔

صدر آئی پی پی لاہور ڈویژن مراد راس لاہور میں پنجاب اسمبلی کی نشست کے لیے پی پی 161 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائیں گے۔

رہنما آئی پی پی محمود مولوی نے این اے 238 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

 

مراد علی شاہ:

سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پی ایس 77 سیہون سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

دوسری جانب (ن) لیگ کے رہنما بشیر میمن نے پی ایس 56 ہالہ اور پی ایس 44 شہدادپور سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

 

فاروق ستار:

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار اور ارشد ووہرا نے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 240 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ پر ضلع غربی میں بات کریں گے، مختلف جماعتوں سے مل رہے ہیں اس سے کوئی دوسرا مطلب نہ نکالا جائے۔

 

سراج الحق:

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے این اے 6 لوئر دیر سے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ 8 فروری کا الیکشن آئین کا تقاضہ ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کیلئے یکساں مواقع فراہم کیا جائے۔

ان کا مزید کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات پوری قوم کیلئے باعث شرم ہیں۔

 

مولانا فضل الرحمان:

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان این اے 265 پشین اور ڈی آئی خان سے قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں۔

 

شہباز شریف:

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے قصور سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔

عام انتخابات 2024 کے لیے شہبازشریف نے این اے 132 قصور سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کراچی سے بھی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

شہبازشریف قومی اسمبلی کے حلقہ 242 کراچی سے اںتخابات لڑیں گے، ان کے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے گئے ہیں اور کل تک جمع بھی ہو جائیں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے لئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 123، پی پی 158 اور پی پی 164 سے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے گئے ہیں۔

 

مریم نواز:

چیف آرگنائزر مسل لیگ (ن) مریم نواز نے کراچی سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز این اے 237 کراچی سے اںتخابات لڑیں گی، ان کے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے گئے ہیں اور کل تک جمع بھی ہو جائیں گے۔

دوسری جانب ن لیگ کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس بار انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قومی اور پنجاب اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں پر کاغذات جمع کروائے۔

 

خالد مقبول صدیقی:

کنونیر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے، انہوں نے کاغذات این اے 249 سے جمع کرائے۔

خالد مقبول صدیقی کے کاغذات نامزدگی ایڈووکیٹ طارق منصور نے جمع کرائے۔

اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے فرحان چشتی نے این اے 250 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

 

قاسم سوری:

پی ٹی آئی رہنما و سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے کاغذات جمع کرادیے گئے، قاسم سوری نے کاغذات نامزدگی این اے 263 کوئٹہ کی نشست پر جمع کرائے۔

قاسم سوری کے کاغذات پارٹی رہنماؤں اور وکلاکی جانب سے جمع کرائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات: کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 دن کی توسیع

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top