جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے

21 اکتوبر, 2023 15:19

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ پارٹی قائد کا استقبال کرنے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے جب کہ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے موقع پر ان کی قانونی ٹیم اسلام آباد ائیرپورٹ پر موجود تھی۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پر نواز شریف کی امیگریشن کا عمل مکمل کیا گیا جہاں ان کے پاسپورٹ پر پاکستان میں داخلےکی مہر لگائی گئی۔

ائیرپورٹ پر اسٹیٹ لاؤنج میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم سے مشاورت ہوئی جس کے بعد انہوں نے قانونی دستاویزات پر دستخط کیے۔

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ قانونی دستاویزات پر نواز شریف کے دستخط لیے گئے، تصدیقی کارروائی بھی مکمل کی گئی، بائیو میٹرک سرٹیفیکیٹ بھی لیا گیا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کر دیے۔

نواز شریف کی بائیو میٹرک کے لیے اوتھ کمشنر بھی اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے ۔

نواز شریف کی قانونی ٹیم نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست تیار کی تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں دائر کرنے کے معاملے پر نواز شریف کی لیگل ٹیم اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچی تھی۔

نواز شریف اسلام آباد سے لاہور روانگی کے لیے طیارے میں سوار ہوگئے ہیں۔

 یہ پڑھیں : ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں: میاں نواز شریف

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top