اتوار، 8-ستمبر،2024
( 05 ربیع الاول 1446 )
اتوار، 8-ستمبر،2024

EN

آئی ایم ایف سے حتمی مذاکرات شروع، پاکستان کو کتنا قرضہ ملے گا؟

14 مارچ, 2024 09:30

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ریویو مشن سے مذاکرات شروع ہونے سے چند گھنٹے پہلے وزارت خزانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے دوسرے جائزے کے اہداف کو کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی اقدامات کے نتیجے میں آئی ایم ایف کے پروگرام اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کے تحت 1.1 ارب ڈالر کی تیسری قسط کے اجرا کی توقع ہے۔

وزارت خزانہ نے اپنے سرکاری اعلان میں کہا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے جائزے کے تمام اسٹرکچرل بینچ مارکس، کیفیتی کارکردگی کے معیارات اور دیگر اشاریوں کے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔

یہ اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کا حتمی جائزہ ہوگا اور اس سلسلے میں اسٹاف لیول سمجھوتہ ان کی منظوری کے بعد متوقع ہے۔

تاہم آئی ایم ایف سے آئندہ مذاکرات کے دوران کچھ تشویش کے معاملات ہوں گے کیونکہ اسٹینڈ بائی پروگرام نے پہلے چھ ماہ کے دوران 974 ارب روپے کے قریب منافع دیا ہے جبکہ اس کا ہدف 1074 ارب روپے تھا۔

جنوری سے جون 2024 تک کے دوسرے نصف کے دوران غیر محصولاتی آمدن کے بھی ہدف کے مطابق ہونے کے زیادہ امکانا ت نہیں ہیں۔ ایف بی آر کا ٹیکس جمع کرنے کا ہدف 9415ارب روپے تھا اوریہ اب ایف بی آر کے لیے ایک اور ایریا آف کنسرن ہوگا کیونکہ ایف بی آر نے اپنا 8 ماہ کا ہدف تو حاصل کرلیا ہے لیکن فروری 2024 تک اس میں 33 ارب روپے کا خسارہ تھا۔

پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کو نئی سطح پر لے جانے کیلئے تیار:

دوسری جانب وفاقی  وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کو نئی سطح پر لے جانے کیلئے تیار ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کتنی رقم ملے گی، ابھی نہیں بتایا جاسکتا، ملکی معیشت کا دارومدار جی ڈی پی گروتھ پر ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کی تاریخ کاسب سےطویل مدت کا پروگرام لینا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام میں تسلسل رہیں گےتومعاشی نظم و ضبط رہےگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سےقرض پروگرام کی آخری قسط میں کوئی رکاوٹ نہیں، آئی ایم ایف نےموجودہ قرض کی آخری قسط میں1.1ارب ڈالردینےہیں۔

انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سےماحولیات کی فنڈنگ پر بھی بات ہوسکتی ہے، ماحولیات کی بہتری کیلئےآئی ایم ایف کچھ ممالک کو کوٹے سے زیادہ قرض دیتارہا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top