جمعہ، 17-مئی،2024
( 09 ذوالقعدہ 1445 )
جمعہ، 17-مئی،2024

EN

کرپشن کا خاتمہ ہونیوالا ہے، بجٹ میں تنخوا بڑھانے کی کوشش کرینگے: وزیراعظم

01 مئی, 2024 15:42

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہونے والا ہے جب کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں تنخوا بڑھانے کی کوشش کریں گے۔

لاہور مین شہباز شریف کی رہائش گاہ پر مزدوروں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے محنت کش شریک ہوئے جب کہ وزیراعظم نے نے تقریب کا آغاز علامہ اقبالؒ کے شعر سے کیا۔

تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ محنت کش ہم سب کے لیے سرمایہ حیات ہیں، قرآن کریم اور نبی ﷺ نے بھی محنت کی عظمت بیان کی، آپ کی مہمان نوازی کرکے مجھے دلی خوشی ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ یہاں سرکاری مہمان نہیں بلکہ میاں محمد شریف کے گھر میں موجود ہیں، آپ کو یہ دعوت میرے قائد نواز شریف اور میری طرف سے ہے، میرے والد بھی مزدور تھے جو 30 کی دہائی میں اپنے بھائیوں کے ہمراہ لاہور آئے اور فیکٹری میں مزدوری کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے ہر آدمی کی زندگی کو متاثر کر رکھا ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی مہنگائی کا متبادل نہیں، غریب بڑی مشکل سے اخراجات برداشت کرتا ہے، لہٰذا وقت کا تقاضا ہے غریب اور امیر کے فرق کو دور کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ محنت کش پاکستان کی ترقی کیلئے بھی اپنا خون پسینہ بہاتے ہیں، مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، نبی کریمﷺ نے فرمایا مزدور کو اجرت پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کریں، سرمایہ کار اور محنت کش ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں، تاجروں، سرمایہ کاروں، صنعت کاروں کی دولت پر مزدور کا بھی حق ہے، محنت کش کو جائز حق فی الفور نہ ملے تو ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب چاہتا ہے پاکستان ترقی کرے، پاکستان کے کھربوں روپے واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ کرپشن سمیت دیگر معاملات کا خاتمہ ہونے والا ہے اور پاکستان جلد اقوام عالم میں اپنا عظیم مقام حاصل کرلے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کسی ایک کا نہیں، سب کا ملک ہے، فضول خرچیوں میں بے پناہ کمی لے کر آئیں گے اور مشکلات کے باوجود بجٹ میں تنخواہ میں اضافے کی کوشش کریں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top