منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

غزہ جنگ: کوک، پیپسی کے بائیکاٹ نے مقامی سوڈا کمپنیوں کے کاروبار چمکا دیے

06 ستمبر, 2024 14:17

کوکا کولا اور حریف پیپسی نے کئی دہائیوں سے مصر سے لے کر پاکستان تک مسلم اکثریتی ممالک میں اپنے سافٹ ڈرنکس کی طلب بڑھانے کے لیے کروڑوں ڈالر خرچ کیے تاہم اب دونوں کو صارفین کے بائیکاٹ کی وجہ سے مقامی سوڈا سے چیلنج کا سامنا ہے۔

مصر میں رواں سال کوکا کولا کی فروخت میں کمی آئی جبکہ مقامی برانڈ وی سیون نے مشرق وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تین گنا زیادہ اپنی کولا برآمد کی۔

بنگلہ دیش میں ایک ہنگامہ آرائی نے کوکا کولا کو بائیکاٹ کے خلاف ایک اشتہاری مہم منسوخ کرنے پر مجبور کر دیا جب کہ پورے مشرق وسطیٰ میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد پیپسی کی تیز رفتار ترقی بھی ختم ہوئی۔

کوکا کولا اور پیپسی کو سے دور رہنے والے بہت سے صارفین کئی دہائیوں سے اسرائیل کی امریکی حمایت کا حوالہ دیتے ہیں۔

2023 میں پیپسی کو کی افریقہ، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا ڈویژن سے کل آمدنی 6 ارب ڈالر رہی۔ اسی سال کوکا کولا کی یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے خطے سے آمدنی 8 ارب ڈالر تھی۔

1960 کی دہائی میں جب کوکا کولا نے اسرائیل میں ایک فیکٹری کھولی تو اسے عرب لیگ کے بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا جو 1990 کی دہائی کے اوائل تک جاری رہا اور مشرق وسطی میں سالوں تک پیپسی کو فائدہ پہنچا۔

مارکیٹ ریسرچ فرم گلوبل ڈیٹا کے مطابق کوک اب بھی مصر اور پاکستان میں پیپسی کے مارکیٹ شیئر سے پیچھے ہے۔

1990 کی دہائی کے اوائل میں اسرائیل میں داخل ہونے والی پیپسی کو کو خود اس وقت بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا جب اس نے 2018 میں اسرائیل کی سوڈا اسٹریم کو 3.2 بلین ڈالر میں خریدا۔

کوکا کولا کا کہنا ہے کہ صرف پاکستان میں ہی اس نے 2008 سے اب تک ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

کولا نیکسٹ کی پیرنٹ کمپنی میزان بیوریجز کے سی ای او میاں ذوالفقار احمد نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کولا نیکسٹ کی فیکٹریاں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا نہیں کر سکتیں۔

بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان، مصر اور بنگلہ دیش میں مہنگائی اور معاشی بدحالی نے جنگ سے پہلے ہی صارفین کی قوت خرید کو کم کر دیا تھا، جس سے سستے مقامی برانڈز زیادہ پرکشش ہوئے۔

گلوبل ڈیٹا کے مطابق گزشتہ سال پاکستان میں کنزیومر سیکٹر میں کوک کا مارکیٹ شیئر 2022 میں 6.3 فیصد سے کم ہو کر 5.7 فیصد رہ گیا جبکہ پیپسی کا مارکیٹ شیئر 10.8 فیصد سے کم ہو کر 10.4 فیصد پر آیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top