اتوار، 8-ستمبر،2024
( 05 ربیع الاول 1446 )
اتوار، 8-ستمبر،2024

EN

صدارتی انتخاب کیلئے آصف زرداری اور محمود خان اچکزئی کے کاغذات جمع

02 مارچ, 2024 12:46

صدر مملکت کے انتخاب کے لیے حکومتی اتحاد کی طرف سے آصف زرداری اور اپوزیشن کی طرف سے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے پارٹی رہنما فاروق ایچ نائیک نے سابق صدر آصف زرداری کے کاغذات اسلام آباد ہائی کورٹ میں پریزائیڈنگ افسر کے پاس جمع کرائے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف زرداری صدارتی امیدوار ہوں گے، بلاول بھٹو  اپنے والد آصف زرداری کے تجویز کنندہ اور فاروق ایچ نائیک تائید کنندہ ہیں۔

ادھر سنی اتحاد کونسل نے صدارتی اتنخاب کے لیے محمود خان اچکزئی کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے۔

پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے محمود اچکزئی کے کاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے۔

اس موقع پر لطیف کھوسہ نے جسٹس عامر فاروق سے مکالمہ کیا کہ ہم سمجھ رہے تھے آپ چیمبر میں بلا کر چائے وغیرہ پلائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 

صدارتی انتخابات؛ ایم کیو ایم کا آصف زرداری کو ووٹ نہ دینے پر غور

صدارتی ا نتخاب کیلئے پولنگ 9مارچ کوہوگی، شیڈول جاری

اس پر جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ چائے تو اس کے بعد بھی آپ کو پلا دیں گے، عمر ایوب اور علی محمد خان صاحب بھی اس عدالت میں پہلی بار آئے ہیں۔

علی محمد خان نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے کہا کہ میں اس عدالت میں انصاف مانگنے آتا رہا ہوں۔

جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ کھوسہ صاحب آپ اپنا پورا نام کیا لکھتے ہیں؟ اس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ میری پارٹی اب زور دیتی ہے کہ نام کے ساتھ سردار لکھوں، جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کو نام کے ساتھ سردار ضرور لکھنا چاہیے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top