مقبول خبریں
کولا نیکسٹ کے مالک کراچی سے اغوا
پاکستان کی معروف سافٹ ڈرنک کولا نیکسٹ کے مالک ذوالفقار احمد کو کراچی سے اغوا کرلیا گیا۔
ذوالفقار احمد پراچہ ٹیکسٹائل اور میزان آئل کے بھی مالک ہیں اور ان دنوں ان کی کمپنی کولا نیکسٹ پاکستان میں خوب بزنس کر رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ذوالفقار احمد کو تین روز قبل دن دھاڑے کراچی کے علاقے ماڑی پور روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ذوالفقار احمد اپنے دوست قیصر کے ساتھ کار میں سوار تھے کہ اتنے میں ایک سیاہ ویگو میں سے نقاب پہنے ہوئے مسلح افراد آئے جنہوں نے اسحلے کے زور پر دونوں کو ویگو میں بٹھالیا تاہم تھوڑا آگے جاکر قیصر کو کار سے اتار دیا تھا۔
مغوی کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ تین دن گزرنے کے باوجود پولیس ایف آئی آر درج نہیں کر رہی، اغوا کی درخواست تھانے میں جمع کروائی گئی تھی لیکن پولیس کے انکار پر عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
اس معاملے پر عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ، محکمہ داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ سے 30 جولائی تک جواب طلب کر لیا۔