مقبول خبریں
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی گاڑی کے قریب فائرنگ، ملزم گرفتار
راولپنڈی: اڈیالہ جیل سے کیس کی سماعت سے واپسی پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی گاڑی کے قریب فائرنگ کی گئی۔
جج محمد بشیراڈیالہ جیل سے کیس کی سماعت سے واپس آ رہے تھے کہ راستے میں تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں ان کی گاڑی کے قریب فائرنگ کی گئی، تاہم محمد بشیر محفوظ رہے۔
حکام کے مطابق فائرنگ سے ٹریفک جام ہوگئی اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتارکرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت شایان علی کے نام سے ہوئی ہے اور وہ راولپنڈی ہارلے اسٹریٹ کا رہائشی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شایان گاڑی میں اپنی فیملی کے ساتھ جا رہا تھا کہ فیملی سے تلخ کلامی ہوئی، اور تلخ کلامی کے باعث اس نے گاڑی سے اتر کر ہوائی فائرنگ کی، فائرنگ کا واقعہ مقامی جج کے اسکواڈ کے قریب پیش آیا، تاہم جج اور پولیس اسکواڈ محفوظ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ، ہیڈ کانسٹیبل اور بیٹا جاں بحق
پولیس ترجمان کے مطابق راولپنڈی پولیس نے ملزم شایان ذوالفقار کو حراست میں لیا تو وہ نشے میں تھا، ملزم کو تھانہ ائیرپورٹ منتقل کردیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر اہم شخصیات کے نیب کیسز کی سماعت کر رہے ہیں، اور آج بھی اڈیالہ جیل سے عمران خان کے کیس کی سماعت سے واپس آرہے تھے۔