منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

میں بس اپنی جان اور گدھے کو بچانا چاہتا تھا،معصوم ریڑھی بان

05 نومبر, 2018 17:54

لاہور:گزشتہ روز مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے دوران شیخوپورہ میں مظاہرین کے ہاتھوں کیلوں سے محروم ہونے والے بچے کا کہنا ہے کہ لوگوں نے اُس سے کیلے چھین لیے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ شیخوپورہ کے علاقے بتی چوک پر ایک کم عمر لڑکا ریڑھی پر کیلے فروخت کررہا تھا کہ اس دوران ہجوم نے اس کی ریڑھی پر دھاوا بول دیا اور کیلے لوٹ لیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں معصوم ریڑھی بان کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنی ریڑھی لے کر جا رہا تھا کہ وہاں موجود لوگوں نے مجھ سے سارے کیلے چھین لے۔ میں بس اپنی جان اور گدھے کو بچانا چاہتا تھا، مجھے نہیں پتہ وہ کون لوگ تھے’۔

اس موقع پر وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘شرپسندوں نے مذہب کا لبادہ اوڑھ رکھا تھا،نہ انہوں نے کیلے بیچنے والے بچے کو چھوڑا اور نہ غریب رکشہ ڈرائیوروں کو’۔

واضح رہے کہ 2 نومبر کو تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور دھرنوں کے دوران شیخوپورہ میں ایک ہجوم نے کم سن لڑکے کی ریڑھی سے کیلے لوٹ لیے تھے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد پنجاب حکومت سے درخواست کی تھی کہ وہ اس بچے کو تلاش کرے۔

جس کے بعد وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر نے غریب ریڑھی بان بچے کو کیلوں کی قیمت ادا کی اور اس کی مالی امداد کرتے ہوئے اسے 10 ہزار روپے بھی دیئے۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top